نئی دہلی: ایس آئی او آف انڈیا نے اپنے ہیڈکوارٹرس میں نیشنل کیمپس کمیٹی میٹنگ کا انعقاد کیا۔برادرسید اظہرالدین (جنرل سکریٹری،ایس آئی او آف انڈیا)نے اس میٹنگ کا افتتاح کیا جب کہ برادر شبیرسی۔کے۔(قومی سکریٹی، ایس آئی آف انڈیا) نے صدارت کے فرائض انجام دیے۔ایس آئی او کے دیگر قومی سکریٹریز برادر طلحہ ابدال، برادر فواز شاہین اور برادر معاذسلمان منیار نے بھی خطاب کیا۔
ایس آئی او کی نیشنل کیمپس کمیٹی (NCC)نے ملک کے تعلیمی اداروں میں طلبہ مخالف اور غیر جمہوری ماحول کو سیاسی اور قانونی دونوں سطح پر ختم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔جیساکہ معلوم ہے کہ اس وقت ملک کے تعلیمی اداروں میں آزادی اظہار رائے پر پابندی لگا کر ایک غیر جمہوری فضا کو مسلط کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، اس تناظر میں نیشنل کیمپس کمیٹی نے تعلیمی اداروں میں ایسی جمہوری فضا کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا جہاں ہر شخص کو اظہار رائے کی آزادی میسر ہو۔ہر شخص اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے ملک میں جاری نظریاتی بحثوں میں سرگرم شرکت کرسکے۔
نیشنل کیمپس کمیٹی کی میٹنگ میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ تعلیمی اداروں کو باقاعدہ انتخابات کے ذریعے طلبہ یونین کے نظام کو اپنانا چاہیے، کیوں کہ دیکھا یہ جارہا ہے کہ طلبہ اور طالبات اور انہی تعلیمی اداروں میں زیادہ تشدد ہورہا ہے جہاں طلبہ یونین یا طلبہ کی اسوسی ایشن بنانے پر پابندی ہے۔اس ضمن میں ایس آئی او نے فیصلہ کیا کہ ایس آئی او طلبہ پر تشدد نہ کرنے کے سلسلے میں لنگ دو (Lingdo)کمیشن اور سپریم کورٹ کی سفارشات کی روشنی میں طلبہ پر تشدد ختم کرنے کے لیے تمام ممکن قانونی اقدامات کرے گی۔نیز،اگر ضروری محسوس ہوا تو، ایس آئی او انصاف کی اس جد و جہد میں سماج کے تمام طبقات کو ساتھ لے کر منظم طور سے احتجاج بھی کرے گی۔
(ادارہ)