ٹیچرس وگریجویٹس ایجوکیشنل وکریئر کونسلر بن کر تعلیمی رہنما بنیں! (قسط اوّل)
گائیڈنس اینڈ کونسلنگ، ایجوکیشنل و کیر ئیر کونسلر، کیر ئیر گائیڈنس، آئی کیو (I.Q.) اور ایپٹی ٹیوڈ ٹیسٹ ، سائیکولوجیکل ٹیسٹ وغیرہ باتیں تعلیمی رہنمائی کے سلسلے میں آج کل ہر ایک کی زبان پر ہیں۔ اگر آپ درس و تدریس کے پیشے سے جڑے ہیں اور اپنے مضامین پڑھانے کے علاوہ آپ تعلیمی میدان میں انقلاب بر پا کرنے کے خواہش مند ہیں۔ تعلیمی میدان میں ایسا کرنا چاہتے ہیں کہ طلبہ ، سر پرست ، اسکول و کالج کی انتظامیہ ہر کوئی آپ کی خد مات اور کار کر دگی کو تحسین کی نظر سے دیکھے ۔ ساتھ ہی آپ کو بھی اس بات کا اطمینان ہو کہ آپ نے تعلیمی میدان میں عام لو گوں سے ہٹ کر کچھ الگ ، کچھ نیا اور کچھ ایسا کیا جس کی آج پورے سماج کو ضرورت ہے تو آپ کے لیے اس سے بہتر اور کوئی موقع نہیں ہے کہ آپ اپنی ڈیوٹی پر رہتے ہوئے ایجوکیشنل و کیر ئیر کونسلر کی ٹریننگ حاصل کرسکتے ہیں۔
چند سال پہلے تک کیرئیر کا انتخاب صرف اور صرف طلبہ اور ان کے سرپرستوں کے انتخاب پر منحصر ہوتا تھا۔ طالب علم اپنے اساتذہ اوراطراف کے لوگوں سے حاصل کی ہوئی معلومات کی روشنی میں سرپرستوں کے مشورے سے اپنی تعلیم اور مستقبل کے پیشے سے متعلق فیصلہ کرتے تھے۔آج معلومات کے پھیلاؤ اور کورسیس و پروفیشن کی تعداد میں بے شمار اضافے کی وجہ سے کسی طالب علم کو اپنے لئے مناسب کیرئیر کا انتخاب کرنا ایک چیلنج سے کم نہیں ہے۔اس چیلنج کو ماہر و تربیت یافتہ کونسلر سے گائیڈنس حاصل کرکے حل کیا جا سکتا ہے۔
ایجوکیشنل کونسلر اور کرئیر کونسلر طلبہ کی تعلیمی اور پروفیشنل رہنمائی کرکے ان کی شخصیت میں موجود قابلیت ، دلچسپی اور ذہانت سے انہیں واقف کراکر ان کے لئے مناسب کیرئیر کے انتخاب میں رہنمائی کا کام کرتے ہیں۔ایک طالب علم کو درپیش مسائل جیسے پڑھائی کی منصوبہ بندی ،وقت اور تناؤ کے ساتھ ساتھ مضامین کا انتخاب ،مستقبل کے کورسیس اور پروفیشن کا انتخاب وغیرہ میں کریئر کونسلر طالب علموں کی رہنمائی انجام دیتے ہیں۔
اسی کے ساتھ ایجوکیشنل کونسلر طالب علم کو درپیش ہر قسم کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے گائیڈنس فراہم کرتے ہیں ۔طلبہ کی شخصیت سازی اور ان کی کردار سازی میں رہنمائی کرنے کے ساتھ ساتھ ان میں ڈسپلن اور پڑھائی کی عادت (Study habits) پیدا کرنے میں مدد کرنے کا نمایاں کام ایجوکیشنل کونسلر کرتے ہیں۔
آج کل کئی تعلیمی ادارے ایجوکیشنل کونسلروں کی ہمہ وقتی (فل ٹائم) خدمات حاصل کر رہے ہیں۔ اسکولوں میں ان سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ طلبہ کے برتاؤ میں سدھار،ان کے ڈپریشن ،سماجی مسائل،آپسی تعلقات کے ساتھ ساتھ اسکولی تعلیمی سطح میں بہتری لانے کے لئے حل پیش کریں۔اس طرح کے کونسلر طلبہ کے سرپرستوں اور ٹیچروں سے رابطہ کرکے طلبہ کے مسائل جیسے پڑھائی میں دلچسپی نہ ہونا، والدین کی آپس میں نا اتفاقی، والد یا والدہ سے علیحدہ رہنے والے طلبہ ،یا کسی عزیز کے انتقال کی وجہ سے ہونے والے ڈپریشن وغیرہ جیسے مسائل سے مقابلہ کرنے کے لئے طلبہ کو مشورے و رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔
اسکول کی سطح پر طلبہ اور ان کے سرپرستوں کو ہمیشہ مستقبل کے بارے میں یہ فکر لاحق رہتی ہے کہ طالب علم کو مستقبل میں کس طرح کا پیشہ اختیار کرنا چاہئے۔کون سے کورس کرنے ہیں یا کس طرح کی نوکریوں کے امتحانات کی تیاری کرناہے۔خاص طور سے دسویں جماعت کے بعد کی تعلیم کے انتخاب کا مرحلہ جس میں آرٹس،سائنس،کامرس، ٹیکنیکل تعلیم یا ڈپلوما وغیرہ میں سے کسی ایک لائن کا انتخاب کرنا پڑتا ہے۔آج کل سائنس گروپ میں بھی ریاضی ،بائیلوجی ،کمپیوٹر ،الیکٹرانک اور انفارمیشن ٹیکنالوجی جیسے الگ الگ گروپ ہیں۔ان میں سے کس گروپ کا انتخاب کریں یایہ فیصلہ کہ مستقبل میں کس پروفیشن میں جانا ہے اسی پر منحصر ہوتا ہے۔اس لئے اس موقع پر کیا جانے والا فیصلہ پورے مستقبل سے جڑا ہوتا ہے۔اس بات کو لے کر طلبہ اور سرپرست اکثرفکر مند رہتے ہیں کہ کس طرح فیصلہ کریں تاکہ آنے والے تعلیمی سال اور فیس و دیگر اخراجات کی صورت میں لگایا گیا پیسہ ضائع نہ ہو۔ ماہر کونسلرس کے مشورے اور سائیکو لوجیکل ٹیسٹ اس کا بہترین حل ہیں۔ماہر کونسلر کی رہنمائی میں طالب علم کی دلچسپی ،ذہانت ،رجحان و قابلیت اور پرسنالٹی کی جانچ سائیکولوجیکل ٹسٹ کے ذریعے کی جاتی ہے۔
کسی طالب علم کے سائنس ،کامرس ،میتھ وغیرہ مضامین کا انتخاب کرنے سے پہلے یا اسی طرح ڈاکٹر ،انجینئر،وکیل، پولس،ٹیچر،آرٹسٹ وغیرہ وغیرہ پیشے (پروفیشن) کا انتخاب کرنے سے پہلے ان پروفیشن کے لئے درکار ضروری قابلیت وذہانت کے ساتھ ساتھ طالب علم کی دلچسپی ہے یا نہیں معلوم کرنا نہایت ضروری ہوتا ہے۔اس طرح کا ماہر کریئر و ایجوکیشنل کونسلر بننے کے لئے ضروری ہے کہ آپ نے نفسیات (سائیکولوجی) ،سوشیالوجی میں گریجویشن کیا ہو یا گریجویشن کے بعد کونسلنگ سے متعلق ڈپلوما کورسیس کئے ہوں اور ٹریننگ حاصل کی ہو۔اس طرح کی قابلیت اور ٹریننگ حاصل کئے ہوئے ماہرین کو اسکولوں ،کالجوں ،یونیورسٹیوں ،کوچنگ سینٹرس ،ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ ،بیرونی ممالک نوکریوں کے لئے سلیکشن کرنے والے اداروں ،تعلیمی پچھڑے پن کو دور کرنے کے لئے چلائی جانے والی اسکیموں ،پروجیکٹوں اور ٹریننگ وغیرہ کے لئے نوکریاں دستیاب ہیں۔اس کے علاوہ یہ ماہرین پرائیویٹ طور پر بھی اپنی خدمات طلبہ اور سرپرستوں کو دے سکتے ہیں۔اس کے علاوہ سیمینار، لیکچر،اخبارات اور تعلیمی میگزین میں تعلیمی رہنمائی و کیریئر سے متعلق گائیڈنس کی خدمات انجام دے سکتے ہیں۔
اگر آپ میں لوگوں کے مسائل سننے خاص طور سے طلبہ اور ان کے مسائل کا حل پیش کرنے کی دلچسپی ہے تب ایجوکیشن کونسلنگ آپ کے لئے نہایت بہتر کرئیر ہو سکتا ہے۔موجودہ زمانے میں نہایت مفید اور اہم کریئر ابھر کر سامنے آیا ہے ۔جس میں ایک طالب علم یا اس کے سر پرست آپ کے پاس مسائل سے پریشانی کی حالت میں آتے ہیں اور آپ سے ان کا حل پا کر خوشی خوشی واپس لوٹتے ہیں۔ اس طرح کے چند کورسیس کی معلومات ذیل میں دی جارہی ہیں:
ریاستِ مہاراشٹر میں تعلیمی شعبہ میں ٹریننگ کی ذمہ داری ادا کرنے والے ادارہ ’’ اسٹیٹ کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹر یننگ‘‘ (SCERT, Pune)، پونہ کے زیرِ اہتمام آٹھ الگ الگ ڈویزنل انسٹی ٹیوٹس میں ہائی اسکول کے گر یجویٹ ٹیچر س کے لیے ہر سال مئی کے پہلے ہفتے میں اکیس روزہ کریئر ماسٹر ٹر یننگ پروگرام منعقد کیا جاتا ہے ۔ اس کورس کا نام ’’ سر ٹیفکیٹ کور س آف کریئر ماسٹر (Career Master) ‘‘ہے ۔
اس کورس کی ٹریننگ کے دوران کریئر سے متعلق بنیادی معلومات جیسے دسویں کے بعد کے کورسیس۔ داخلے کے امتحانات ، نوکریوں کے شعبے ، اسکالرشپ کے امتحانات ، اسکولی امتحان کے علاوہ امتحانات، پڑھائی کس طرح کریں؟، کورسیس ، نوکریوں ، کریئرس ، کالجز ، یو نیور سٹیوں میں داخلے کے طریقے وغیرہ کی معلومات فراہم کی جاتی ہے۔ ووکیشنل گائیڈنس (Vocational Guidance) کو بطور مضمون کے نویں اور دسویں جماعتوں میں پڑھایا بھی جاتا ہے ۔ ساتھ ہی ہر اسکول میں طلبہ کو مستقبل کی تعلیمی و پیشہ ورانہ رہبری کے سلسلے کی معلومات فراہم کرنے کے لیے کریئر ماسٹر کی ٹر یننگ مکمل ہوتی ہے ۔
کریئر ماسٹر سر ٹیفکیٹ کورس مکمل کرنے والے ٹیچرس ممبئی میں منعقد ہونے والے ایک سالہ ڈپلوما کورس میں داخلے کے اہل مانے جاتے ہیں۔ اس ایک سالہ پوسٹ گریجویٹ ڈپلوما کورس کا نام ’’ڈپلوما اِن ووکیشنل گائیڈنس (Diploma in Vocational Guidance) ‘‘ ہے۔
سروس کے دوران ڈائر یکڑ آف ایجوکیشن ، پونہ کے زیرِ نگرانی انسٹی ٹیوٹ آف ووکیشنل گائیڈنس اینڈ سیلیکشن ، ممبئی میں منعقدہ اِس ڈپلوما کورس کے دوران مدرسین کو اُ ن کی ریگو لر تنخواہ ، چھٹیاں اور دیگر سہولیات برابر ملتی ہیں۔ ٹر نینگ کے لیے ممبئی جانے والے ٹیچر کی جگہ ان کے اسکول میں دس ماہ کے لیے نئے ٹیچر کو لینے کی اجازت بھی ملتی ہے ۔ ایجوکیشنل و کریئر کونسلر کی ٹر یننگ یعنی ڈپلوما ان ووکیشنل ایجوکیشنل گائیڈنس کے لیے منتخب ہونے پر ملنے والی سہولیات مندرجہ ذیل ہیں :
(۱) ٹریننگ کے لیے ایک سال کی اِن سروس (on duty) چھٹی۔
(۲) پورے سال کی ماہانہ تنخواہ ودیگر بھتّے۔
(۳) سالانہ ملنے والی چھٹیاں (C.L.) وغیرہ۔
(۴) ممبئی میں رہنے کے لیے گورنمنٹ ہوسٹل ۔
(۵) ممبئی میں ٹریننگ کے دوران خصوصی بھتّہ ۔
(۶) سائیکو لوجیکل (نفسیاتی ) ٹسٹ کی معلومات ۔
(۷) ایپٹی ٹیوڈ ٹیسٹ اور آئی کیو (I.Q.) ٹسٹ کی بنیاد پر طلبہ کی رہنمائی کا تجربہ ۔
(۸) تجربہ کار ماہرِ تعلیم کی نگرانی میں کیر ئیر گائیڈنس کی مکمل ٹر نینگ ۔
نئے تعلیمی پروگراموں اور قوانین میں ہر اسکو ل و کالج میں ووکیشنل گائیڈنس کو ضروری قرار دیا گیا ہے اس لیے ماہر ایجوکیشنل وکریئر کونسلرس کی اہمیت دن بدن بڑھتی جا رہی ہے ۔ خاص طور سے اردو ایجوکیشن سے جڑے مدرسین اس جانب ضرور قدم بڑھائیں۔ اردو اسکولوں کے ذمہ داران اپنے اپنے اسکولوں میں کم از کم دو ، دو کریئر ماسٹر اور کم از کم ایک ایک کونسلر کو ٹر نینگ کے لیے ضروری بھیجیں۔ اس طرح کی معلومات کئی موقعوں پر مدرسین کے سامنے رکھنے پر اکثر نے سُنی سنائی ان غلط فہمیوں کا ذکر کیا کہ ممبئی جا کر رہنا ، وہاں مراٹھی یا انگلش میں ٹریننگ حاصل کرنا ، ٹریننگ مکمل ہونے پر اسکول میں واپس آکر جوائن نہیں کیے تو ؟ وغیرہ وغیرہ مشکلات کا ذکر کیا ہے ۔ میری ان تمام ٹیچرس سے اپیل ہے کہ اس طرح کی کوئی مشکل یا پر یشانی نہیں ہوتی ہے ۔ خواہش مند حضرات پہلے کیر ئیر ماسٹر کی اکیس روزہ ٹریننگ کے لیے درج ذیل آفسیس میں رابطہ قائم کرسکتے ہیں :
(1) انسٹی ٹیوٹ آف ووکیشنل گائیڈنس اینڈ سلیکشن ،-3 مہا نگر پالیکا مارگ ، STکالج بلڈنگ ، میٹرو سنیما کے پاس ، ممبئی، فو ن نمبر : (022-691960)
(2) انسٹی ٹیوٹ آف ووکیشنل گائیڈنس اینڈ سلیکشن ، سدا شیو پیٹھ ، کمٹھیکر مارگ،پونے، فون نمبر : (020-2476445)
(3) انسٹی ٹیوٹ آف ووکیشنل گائیڈنس اینڈ سلیکشن ، دیو گری کالج کے پاس ، پدم پورہ، اورنگ آباد، فو ن نمبر : (0240-2332162)
(4) انسٹی ٹیوٹ آف ووکیشنل گائیڈنس اینڈ سلیکشن ، گورنمنٹ پٹوردھن ہائی اسکول، سیتا برڈی ، ناگپو ر، فو ن نمبر : (0712-2521301)
(5) انسٹی ٹیوٹ آف ووکیشنل گائیڈنس اینڈ سلیکشن ، مال ٹیکری روڈ،جین ہاسپیٹل کے بازو ، امراؤتی،فو ن نمبر : (0721-2573735)
(6) انسٹی ٹیوٹ آف ووکیشنل گائیڈنس اینڈ سلیکشن ،A-1708 وارڈ ، رنکاڑا پوسٹ آفس کے سامنے ، کولہا پور، فو ن نمبر : (0721-2551601)
(7) انسٹی ٹیوٹ آف ووکیشنل گائیڈنس اینڈ سلیکشن ، بنگلہ نمبر17 ، کمشنر آفس کے پاس ، سکیورٹی پریس روڈ ، ناسک،فو ن نمبر : (0253-2456265)
(8) انسٹی ٹیوٹ آف ووکیشنل گائیڈنس اینڈ سلیکشن ، ضلع کلیکٹر آفس کے سامنے ، بارشی روڈ ، لاتور
ملک کے مختلف اداروں میں کریئر کونسلنگ کے چند کورسیس کی معلومات ذیل کے جدول میں دی گئی ہے:
خان قمر الزماں، کریئر کونسلر ، شاہ بابو جونیئر کالج ، پاتورضلع اکولہ [email protected]