: لبید شافی
نیوزی لینڈ میں جمعہ سے قبل دو مسجدوں میں ہوئے حالیہ دہشت گردانہ حملے نے، جس میں اب تک بشمول خواتین اور بچے،49جانوں کے تلف ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے، پوری دنیا کوہلا کر رکھ دیا ہے۔اس حملے پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا(SIO)کے صدر جناب لبید شافی نے کہا کہ یہ ایک ہولناک حملہ ہے اور یہ انسانیت کی توہین ہے۔
فوری تحقیقات اور مجرمین کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کرتے ہوئے جناب لبید شافی نے کہا کہ اس قسم کے حملے بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا کی غمازی کرتے ہیں۔عالمی سطح پر اس قسم کے بڑھتے ہوئے حملوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ان نفرت آمیز حملوں کا اصل سبب مہاجرین سے نفرت اور علم و شعور کا فقدان ہے۔
جناب لبید شافی نے یہ بھی کہا کے عالمی میڈیابھی اسلاموفوبیا پھیلانے میں منفی کردار ادا کررہا ہے۔2017 میں نیوزی لینڈ کے 16ہزار باشندوں پر اوٹاگو (Otago)یونیورسٹی کی تحقیق نے بتایا کہ میڈیا کے ذریعے غلط تصویر پیش کرنے کی وجہ سے لوگوں میں مسلمانوں کے تئیں منفی رویہ پیدا ہوا ہے۔لبید شافی نے مطالبہ کیا کہ میڈیا کے سلسلے میں فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ مخصوص مذاہب کے خلاف نفرت انگیزی سے میڈیا کو باز رکھا جاسکے۔
اس بات کو خیال میں رکھتے ہوئے کہ حملہ آور نے مسلمانوں کے خلاف نفرت کا اقرار کیا ہے، جناب لبید شافی نے تاسف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہاجرین کو تشددونفرت کا نشانہ بنانا اب ایک نیا عالمی رواج بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومتیں اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے مہاجرین کو مورد الزام ٹھہرا دیتی ہیں۔ جناب لبید شافی نے مطالبہ کیا کہ ایک ایسے عہد میں جب کہ دنیا ایک عالمی گاؤں میں تبدیل ہوچکی ہے، اس رواج کو فورا لگام دی جائے۔ہمیں تنوع پسند ہوناچاہیے اور تکثیری سماج میں ایک دوسرے کی خدمات کا اعتراف اور حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔
(ادارہ)