تقریب رسم اجراءسے مختلف علماءودانشوران کے خطابات
اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزےشن آف انڈیا، حلقہ تلنگانہ کی جانب سے طلبہ وفارغین دینی مدارس کی تعلیمی اور معاشی الجھنوں کو تسکین فراہم کرنے اور مذکورہ شعبہ جات میں انکی مناسب رہنمائی کی غرض سے ”رہنمائے مستقبل“ کے نام سے مختصر لیکن جامع کتابچہ ترتیب دیا گیا۔ جس میں اعلیٰ دینی تعلیم کے حصول کے لئے ملک وبیرون ملک کے مشہور ومعروف دینی جامعات کا انکی مکمل خصوصیات کے ساتھ تعارف کروایا گیا ہے۔ ساتھ ہی عصری تعلیم کے حصول کے لئے بالخصوص طلبہ مدارس کو کیا طریقہ اختیار کرنا چاہئے، مختلف روڈمیاپس کے ذریعہ مفصل رہنمائی کی گئی۔ نیز وہ عصری جامعات جہاں طلبہ مدارس کے لئے برج کورسس اور انکی دلچسپی کے میدان میں تعلیم کے مواقع موجود ہیں انکا بھی تعارف کروایا گیا ہے۔ دور حاضر میں فارغین مدارس کے لئے معاش کا مسئلہ بڑا ہی سنگین ہے اس مسئلہ کی یکسوئی کے لئے بھی اس کتابچہ میں بہترین رہنمائی کی گئی ہے تاکہ فارغین مدارس ان راستوں کو اختیار کرتے ہوئے اپنے روزگار کا مسئلہ حل کرسکیں۔ ان خیالات کا اظہار برادر حافظ جنید حفیظ (دینی مدارس آرگنائزر،SIO تلنگانہ)نے بشیر باغ پریس کلب میں منعقدہ تقریب رسم اجراءکے موقع پر ”رہنمائے مستقبل“کے تعارف میں کیا۔ اس موقع پرمولانا حامدمحمد خان صاحب (امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند، حلقہ تلنگانہ واڑیشہ) نے SIOکے ذمہ داران کو مبارک باد دی اور اس کتابچہ کے متعلق نیک تمناوں کا اظہار کیا۔ نیز انہوں نے فرمایا یہ کتابچہ ان سرپرستوں کے لئے بھی معلومات کا بہترےن ذخیرہ ہے جو اپنی نسل کو دینی علوم سے واقف کروانے کا داعیہ رکھتے ہیں۔ مولانا مفتی سید صادق محی الدین فہیم نظامی صاحب (مفتی دارالقضاءوالافتاءالھند) نے بھی SIOکے ذمہ داران کے حق میں دعا کی اور فرمایا کہ طلبہ مدارس اور فارغین مدارس کی تعلیمی اور معاشی رہنمائی وقت کی ا ہم ترین ضرورت تھی۔ جسے SIOنے پورا کردیا۔ نیز انہوں نے اس موقع سے طلبہ وفارغین مدارس سے گذارش کی کہ خواہ وہ روزگار کے کسی بھی شعبہ سے وابستہ ہوں انکا نصب العین دعوت دین اور خدمت خلق ہونا چاہئے۔ اس موقع پر مفتی تنظیم عالم قاسمی صاحب استاذ حدیث (دارالعلوم سبیل السلام حیدرآباد) نے بھی SIOکے ذمہ داران کو مبارک باد پیش کی اور فرمایا کہ ”یہ کتابچہ طلبہ مدارس کے لئے عظیم تحفہ ہے“۔ مزید فرمایا کہ مدارس اسلامیہ آج بہت سے مسائل کا شکار ہیں۔ سابق میں مدارس اسلامیہ سے ایسے فضلاءفارغ ہوتے جو دینی وعصری علوم کا حسین امتزاج ہوتے۔ آج بھی امت کو ایسے علماءکی ضرورت ہے جو زندگی کے تمام شعبہ جات میں امت کی رہنمائی کرسکیں۔ ایسے میں SIOکی یہ کاوش قابل قدر اور ستائش ہے۔ تقریب کے اختتام پر برادر لئیق احمد خان عاقل صدر حلقہ SIOتلنگانہ نے حاضرین کو مخاطب کیا اور فرمایا کہ SIOگذشتہ 35برسوں سے ملک میں الٰہی ہدایات کے مطابق سماج کی تشکیل نو کے لئے سرگرم ہے یہ کتابچہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ موصوف نے فرمایا کہ اس میقات میں SIO کی مرکزی پالیسی ہے کہ تنظم طلبہ مدارس پر خصوصی توجہ دے گی اور انکو سماجی مسائل سے مربوط کرنے کی کوشش کرے گی نیز ان کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے اور تعمیری رُخ دینے کے لئے بھی تنظیم اپنا حصّہ ادا کرےگی۔ اس موقع پر سبھی مذکورہ علماکرام نے طلبہ وانتظامیہ مدارس سے گذارش کی ہے کہ وہ اس کتابچہ سے استفادہ کریں۔ اس موقع پر SIO کے ذمہ داران، وابستگان اور طلبہ وفارغین مدارس کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔