خطوط – مارچ 2018

ایڈمن

مکرمی! السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ ماہ دسمبر کا ر فیق منزل ملا، فہرست مضامین میں مختلف عناوین نظر آ رہے تھے وہیں یکایک میری نگاہ ڈاکٹر محی الدین غازی صاحب کی تحریر خطبہ جمعہ کی زبان اور زمانے…

مکرمی!
السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ
ماہ دسمبر کا ر فیق منزل ملا، فہرست مضامین میں مختلف عناوین نظر آ رہے تھے وہیں یکایک میری نگاہ ڈاکٹر محی الدین غازی صاحب کی تحریر خطبہ جمعہ کی زبان اور زمانے کی پکار پر پڑی تو کچھ وقت کے لئے سکتہ طاری ہوگیا اور اجتہاد کی شکلیں ذہن میں تازہ ہوگئیں فوراً مضمون کو پڑھنا شروع کردیا ۔ابتداء تحریر میں بہترین و محتاط انداز میں موجودہ نظام تعلیم کی ناکامی کو واضح کردیا اور مادیت کی جڑ کی شکل میں موجودہ عصری تعلیم کو پیش کردیا،فارغین مدارس کے لئے مفید مشورے بھی تحریر میں نظر آئے، ڈاکٹر صاحب کا انداز تحریر ’’کوئی فقہی بحث چھیڑنا نہیں ہے‘‘ عمدہ رہا اور مسلک احناف میں کوئی بھی مستند کتاب میں خطبہ جمعہ عربی میں ہی ہو اس کا کوئی ذکر بھی نہیں ملتا ہے۔ دوران مطالعہ سماجی صورت حال آنکھوں سے گزر رہی تھی جس میں امام صاحب منبر سے صرف عربی زبان میں خطبہ دیتے نظر آرہے تھے اور ڈاکٹر صاحب پر رشک ہو رہا تھا کہ کس طرح حقیقت بیانی کے ساتھ مضمون تحریر کیا گیا ہے لیکن مضمون میں مجھے احساس ہوا کہ’’خطبہ جمعہ مقامی زبانوں میں ہو اس کے لئے طلبہ و نوجوان کس طرح جدوجہد کریں؟‘‘ اس بات کا بھی ذکر ہوتا تو اور بھی بہتر ہوتا۔ امید ہے آئندہ تحریر میں مقامی زبان میں خطبہ جمعہ اور سماجی ذمہ داری پر گفتگو ہوگی… جزاکم اللہ خیرا کثیرا
شعیب اقبال خان
عمرکھیڑ مہاراشٹر

محترم جناب مدیرصاحب!
السلام علیکم ورحمۃ اللہ
رفیق منزل کا تازہ شمارہ ماہ دسمبر 2017 نظر سے گذرا۔علمی،تحقیقی اور تجزیاتی مضامین زیر مطالعہ آئے بڑی خوشی و مسرت کی بات تو یہ ہے کہ شمارہ ہر طرح سے رنگین اور دلکش دکھائی دیا۔بہت ہی شاندار‘معلوماتی اور پر وقار۔ گزشتہ ماہ کا بھی شمارہ دل کو بھا گیا تھا۔ مگر اس ماہ کا شمارہ لا جواب ہے۔اس ماہ کے مجلہ میں جتنے بھی مضامین ہیں سب نے اپنے اپنے موضوع کا حق ادا کر دیا جس کی جتنی ستائش کی جائے کم ہے۔ شمارہ کے مطالعہ کے بعد اس کی اشاعت پر دیر سے ہی سہی مگر وقت اور حالات کے پیش نظر میں مدیر اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں کہ وہ ایسے حالات میں جب کہ ہماری نوجوان نسل ماہ ناموں اور شماروں سے دوری اختیار کرتی جارہی ہے جس کے سبب مطالعہ کے رجحان میں کمی واقع ہو رہی ہے نوجوان نسل کو سامنے رکھ کر دلچسپ، معیاری اور لاجواب شمارہ شائع کررہے ہیں، جو گویا جوئے شیر لانا ہے۔ میں امید کرتا ہوں کہ یہ شمارہ کامیابی کے اعلیٰ مدارج پر پہنچ جائے۔اللہ تبارک و تعالیٰ آپ کو اور اس سے جڑے تما م احباب کی صلاحیتوں کو برقرار رکھے اور ہر ماہ’’رفیق منزل‘‘ کو عمدہ سے عمدہ بنائے۔ایک تجویز ہے کہ مضمون نگار کے نام ساتھ اگر مضمون نگار کی تصویر بھی ہو تو بہتر رہے گا۔
محمد فرحان اجمل فلاحی
مانو، حیدرآباد

حالیہ شمارے

براہیمی نظر پیدا مگر مشکل سے ہوتی ہے

شمارہ پڑھیں

امتیازی سلوک کے خلاف منظم جدو جہد کی ضرورت

شمارہ پڑھیں