خاص شخصیت : محمد مہدی عاکف

ایڈمن

اخوان المسلمون کے ساتویں مرشد عام اور عالم اسلام کے مشہور مفکّر اور داعئ حق محمد مہدی عاکف مصر میں 12جولائی 1928ء کو پیدا ہوئے۔ قاہرہ کے شمال میں معروف شہر المنصورہ میں آپ کا بچپن گزرا۔ محمد علی پرائمری…

اخوان المسلمون کے ساتویں مرشد عام اور عالم اسلام کے مشہور مفکّر اور داعئ حق محمد مہدی عاکف مصر میں 12جولائی 1928ء کو پیدا ہوئے۔ قاہرہ کے شمال میں معروف شہر المنصورہ میں آپ کا بچپن گزرا۔ محمد علی پرائمری اسکول منصورہ میں ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد وہ قاہرہ میں منتقل ہوگئے۔ یہاں قاہرہ کے علاقے السکاکینی میں انہوں نے سیکنڈری اسکول تک تعلیم حاصل کی۔آپ 1940 میں 12سال کی عمر میں اخوان المسلمون سے متعارف ہوئے اور اس چھوٹی عمر میں ہی امام حسن البناء کی خدمت میں حاضری دی۔ امام ان کی ذہانت بھری گفتگو سے بہت متاثر ہوئے اور آپ نے اخوان کے بانی ارکان میں سے ایک ‘شیخ محب الدین الخطیب کو یہ ذمہ داری دی کہ وہ اس ننھے داعئ حق پر خصوصی توجہ دیں کیونکہ مرشدعام نے اپنی بے مثال ذہانت سے سمجھ لیا تھا کہ نوخیز مجاہد عظیم انسان بنے گا۔ یوں تعلیم کے ساتھ ساتھ مہدی عاکف اخوان کی سرگرمیوں میں حصہ لینے لگے۔ خاص طور پر شباب کے شعبہ میں بہت فعال کردار ادا کیا۔ 1951ء میں کلیۃ الحقوق سے بی اے کی ڈگری حاصل کی۔ 1954ء میں جب اخوان پر پابندی لگی تو اس وقت آپ اخوان کی طلبہ ونگ کے صدر تھے۔

مہدی عاکف کو جوانی سے بڑھاپے تک زندگی میں بارہا جیل کے مصائب ومشقتوں سے گزرنا پڑا، مگر وہ ہمیشہ ثابت قدم رہے۔اگست 1954ء میں ایک جھوٹے الزام کے تحت انہیں پہلی مرتبہ جیل میں ڈالا گیا۔ ان پر حکومت کے خلاف بغاوت کی سازش کرنے کا الزام تھا۔ انہیں سزائے موت سنائی گئی جو بعد میں عمرقید میں تبدیل ہوگئی۔ 20سال بعد 1974ء میں وہ جیل سے باہر آئے۔ اس کے بعد 2013ء میں جب مصر کے ظالم فوجیوں نے ملک کی تاریخ میں منتخب ہونے والے پہلے جمہوری صدر محمد مرسی کی حکومت کا تختہ الٹا تو تمام اخوانیوں پر مظالم ڈھانے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ 14جولائی2013ء کو پچاسی سال کی عمر میں آپ کو گرفتار کرلیا گیا۔ ان پر الزام یہ لگا کہ انہوں نے ملک میں عوام کو قتل عام پر ابھارا تھا۔ عمرقید کی سزا سنا کر انہیں جیل میں بند کردیا گیا۔ 89سال کی عمر میں 22ستمبر2017ء کی شام اللہ کو پیارے ہوگئے۔ وہ جولائی 2013ء سے جیل میں تھے ۔ وقت کے ظالم فرعون کا ظلم جاری، مگر اللہ کا وہ بندہ اپنا دورِ آزمائش مکمل کرکے اس امتحان میں سرخرو ہو کر اپنے رب کے حضور پہنچ گیا۔

حالیہ شمارے

براہیمی نظر پیدا مگر مشکل سے ہوتی ہے

شمارہ پڑھیں

امتیازی سلوک کے خلاف منظم جدو جہد کی ضرورت

شمارہ پڑھیں