صحافت کی وسیع دنیا

ایڈمن

محمد علم اللہ اصلاحی، جامعہ ملیہ اسلامیہ۔نئی دہلی میڈیا سے طویل اور گہری وابستگی کے نتیجے میں گزشتہ چند سالوں کے دوران میڈیا کے بہت سے اداروں کا بہت ہی قریب سے مطالعہ اور مشاہدہ کرنے کا موقع ملا، اس…

محمد علم اللہ اصلاحی، جامعہ ملیہ اسلامیہ۔نئی دہلی
میڈیا سے طویل اور گہری وابستگی کے نتیجے میں گزشتہ چند سالوں کے دوران میڈیا کے بہت سے اداروں کا بہت ہی قریب سے مطالعہ اور مشاہدہ کرنے کا موقع ملا، اس دوران جو تجربات حاصل ہوئے اُن ہی کی روشنی میں یہ مضمون تحریر کیا جارہا ہے۔ اس مضمون میں بقدرِ ضرورت جگہ جگہ اپنی طالب علمانہ رائے کااظہار بھی ہے جس پر گفتگوکی پوری گنجائش موجود ہے۔ اس بات کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہ اس عنوان کی طرف آپ کی گراں قدر توجہات ایک مثبت پیش رفت ثابت ہوسکتی ہیں جو آئندہ پیڑھی کے لیے مشعل راہ ہوگی۔ اس سلسلے میں ابتدائی طور پر راقم کے ذہن میں کچھ سوالات اٹھتے ہیں، جنہیں تین خانوں میں تقسیم کیا جاسکتا ہے:
اول یہ کہ مدارس سے فارغ طلبہ کے بارے میں عام لوگوں کا نظریہ کیا ہے؟
دوم، وقت کی تبدیلی کے ساتھ فارغین مدارس نے معاشرہ کی تشکیل میں کس قدر حصہ لیا ہے؟
سوم، انہیں کس نہج پر لائحہ عمل تیار کرنا چاہیے اور ان کا موجودہ طریق کار کیا ہے؟
اس سلسلے میں مختلف مواقع پر مدارس اورعصری دانش گاہوں سے فارغ التحصیل افراد سے گفتگو ہوتی رہتی ہے۔ مدارس چونکہ بلاواسطہ ملت سے وابستہ ہوتے ہیں، اس لئے ملت کو ان سے بہت سی بجا اور بے جاامیدیں بھی رہتی ہیں، اور جب وہ ان امیدوں پر کھرے نہیں اترتے تو ناگواری کا اظہار ہوتا ہے یاپھرمایوسی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
یہ بات بالکل درست ہے کہ مدارس کے فارغین نے مختلف میدانوں میں اپنی کوششوں اور حوصلوں سے بیش بہا کارنامے انجام دئیے ہیں اور دے رہے ہیں، بلکہ اگر برصغیر ہند و پاک کے تناظر میں دیکھا جائے تو بلا مبالغہ یہ بات کہی جا سکتی ہے کہ ان جگہوں پر مظاہر اسلام کے نام پر جو کچھ باقی ہے، ان میں ایک بڑا حصہ مدارس اور اہل مدارس کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ مدارس سے فارغ طلبہ نے ہر جائز میدان کو اپنی توجہ کا مر کز بنایا ہے اور بنا رہے ہیں جو ایک مثبت اور خوش آئند بات ہے۔ میڈیا بھی اُن ہی میدانوں میں سے ایک ہے جوموجودہ دورمیں ایک مکمل پیشہ اورفن کی صورت اختیار کرچکا ہے۔
اسلام گوشہ نشینوں اور تارک الدنیا افراد کا دین نہیں ہے، اس کے ماننے والے معاشرے کے فعال رکن بن کر جیتے ہیں، تو پھر کیوں کر دینی طبقہ کی جانب سے میڈیا کے میدان کوبڑی حدتک محروم رکھا گیاہے؟ سوال یہ ہے کہ کیا ابلاغ کا شعبہ معاشرے کی تشکیل کے ضمن میں نہیں آتا؟ دین کی دعوت کا کام سرانجام دینے والے لوگ اور تنظیمیں کیوں کر اس کے بارے میں غور نہیں کرتیں؟ کیا یہ فرض کر لیا گیا ہے کہ یونیورسٹیوں میں ماس کمیونی کیشن پڑھنے والے طلبہ جو کہ ملکی نظام تعلیم کی خرابیوں کے باعث دین کا کچھ زیادہ نظریاتی علم نہیں رکھتے و ہی میڈیا کے میدان میں سب کی رہنمائی کریں گے؟ کیادینی طبقہ ان طلبہ سے اشاعتِ دین کے ضمن میں معجزوں کی امید لگائے بیٹھا ہے؟ کیا یہ انتظار ہے کہ یہ لوگ میڈیا کو دین کی دعوت کے لیے ہموار بنادیں گے اور پھر اس کے ذریعہ صالح معاشرہ کی تشکیل ہو سکے گی؟ اگر ایسا سوچا جارہا ہے تو حقیقتاً یہ انتہائی تشویش ناک امرہے۔ یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ نظریاتی علم اور ٹھوس بنیادوں کے بغیر پیشہ ورانہ علم حصول مقصد کے لیے کافی نہیں ہوتا، اس لیے دینی علم رکھنے والوں کو میڈیا کی درست سمت کے تعین اور خیر کی اشاعت کے فریضہ کی انجام دہی کے لیے خود اس میدان میں پیش رفت کرنی پڑے گی۔
میڈیا کی روایتی پریکٹس اور تفریحی مواد کی زیادتی کے باعث اسے اسلام اور سماج مخالف سمجھ لیا گیا ہے، اور بہت سے حلقے تو تمام تر برائیوں کی جڑ اسے ہی قرار دینے پر مصر ہیں۔ شاید دینی حلقوں میں یہ بات تسلیم کی جاچکی ہے کہ میڈیا ہمارے معاشرے میں الحاد، فحاشی، غیر اسلامی روایات اور ایسی ہی دیگر منفی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے تیار کردہ ایک سازش کا حصہ ہے، اور اس سے صرف اور صرف وہی کام لیا جاسکتا ہے جو کہ آج کل ملکی و غیر ملکی میڈیامیں نظر آرہا ہے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ دینی حلقے اپنی مختصر ضرورتوں کے بقدر میڈیا کو استعمال میں لاتے تو ہیں، لیکن اس کے بامقصد استعمال کی طرف ان کی توجہ اب تک مبذول نہیں ہوسکی ہے۔ میڈیا کے خلاف تقریروں اور تحریروں کی بھرمار ہے یہاں تک کہ اس سلسلے میں فتوے بھی سامنے آئے ہیں لیکن اس کے اثرات کم ہونے کی بجائے مزید بڑھتے ہی جارہے ہیں۔
میڈیانے ٹکنالوجی کے سہارے اس وسیع و عریض کرۂ ارض کو گلوبل ولیج میں تبدیل کردیا ہے۔ آج معلومات کی قلت کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ بے پناہ معلومات کی فراوانی نے انسانوں کو فکری پریشانیوں میں مبتلا کررکھا ہے۔ آج میڈیا کا سب سے بڑا استعمال ذہن سازی اور مخصو ص مقاصد کی تکمیل کیلئے کیا جانے والاپروپیگنڈہ ہے۔ میڈیا کے شوروغل نے سچ اور جھوٹ کی پہچان مشکل بنادی ہے یامٹادی ہے۔ مباحثوں ، خبروں اور دلکش پروگراموں کے ذریعے فکر، سوچ اور ذہن کو مسخرکیا جارہا ہے یاپھرنئی فکراور نیا خیال تھوپنے کی سعی ہورہی ہے۔ ملکی اور غیر ملکی میڈیا کی بھرپور یلغارکی بدولت آج فحاشی و عریانی، رقص و بے حیائی اور سب سے بڑھ کرمذہب بیزاری جیسی لعنتیں بڑھ رہی ہیں، مذہبی رجحان کے خلاف پروپیگنڈہ کرکے مذہب اور مذہبی جماعتوں کی شبیہ بگاڑنے کی ہر ممکن کوشش جاری ہے۔ انسانی قدریں پامال ہورہی ہیں اور اپنے اپنے فکر اور فلسفہ کی نشر و اشاعت کے لئے اس کا سہارا لیا جارہا ہے۔ تاہم کچھ مخلص حلقوں نے میڈیا کے میدان میں دینی حوالے سے سرگرمی دکھائی ہے اور شاید اسی لیے اب میڈیا کو سمجھنے اور اس کے درست استعمال کیلئے تھوڑی بہت پیش رفت بھی دیکھی جارہی ہے۔ حالات کی ٹھوکروں نے میڈیا کی اہمیت تو باور کرادی ہے لیکن دینی طبقہ ابھی تک میڈیا کے بنائے ہوئے ماحول کو سمجھنے اور اس کی موجودہ پریکٹس میں اپنے لیے راہیں تلاش کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔
ایسے میں وہ جن کے کاندھوں پر انسانیت کی فلاح اور ان کی خیرخواہی کی ذمہ داریاں ہیں اور جن کے وجود کا بنیادی مقصد ہی عالم انسانیت سے جور و ظلم کو دورکرنا، عدل و انصاف کی فضا قائم کرنا، انسانی معاشرہ کو امن و آشتی کا مظہر بنانا،خیر کی ترویج و اشاعت اور برائی کے خاتمہ اور انسداد کو ممکن بنانا ہے، جسے شریعت کی اصطلاح میں’امر بالمعروف‘ اور ’نہی عن المنکر‘ کہا جاتا ہے، یہ فریضہ یوں تواپنے عموم میں امت کے ہر فرد پر عائد ہوتاہے لیکن چونکہ اس امت کا اہل علم طبقہ (یہاں صرف مدارس کے فارغین کو علماء کہنے میں مجھے تأمل ہے) از روئے حدیث، انبیائے کرام علیہم السلام کی علمی میراث کا امین ہے، اس لیے اس کے فرائض منصبی میں زندگی کے ہر شعبہ میں انبیائے کرام علیہم السلام کے کردار کی تبلیغ اور ان کے اسوۂ حسنہ کی اشاعت مقدم ہے۔ دین اسلام نے خود بھی میڈیا اور صحافت کے بہت سے اصول بتائے ہیں، جن سے ہم بہرہ مند ہو سکتے ہیں، مثلاً صحافت میں صرف سچ بولنے اور لکھنے کے حوالے سے یہ حدیث رہنما اصول ہے: حفص بن عاصم رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کَفیٰ بِالمَرء کَذِبًا اَن یحَدِّثَ بِکلِّ مَاسَمِعَ (اسے امام مسلم رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی کتاب الصحیح لمسلم کے مقدمہ اور صحیح میں بھی نقل کیا ہے) ترجمہ: ’کسی شخص کے جھوٹا ہونے کے لیے بس یہی کافی ہے کہ وہ جو کچھ سنے اسے بیان کرتا پھرے‘ چوں کہ میرا موضوع سخن بھی یہی ہے اس لئے بات اسی تناظر میں کی جائے گی۔
آج کے دور میں دینی تعلیم کی طرف راغب ہونا کوئی آسان بات نہیں ہے۔ مرکزی اورریاستی حکومتوں کے دوہرے رویے اور مخالفانہ پروپیگنڈے کی بھرمار کے باوجود آج بھی ایسے افراد کی کمی نہیں ہے جو دنیاوی عیش وعشرت کو ٹھکرا کر اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی کو اپنے لیے وجہ سعادت سمجھتے ہیں، اس لئے ضروری ہے کہ یہ مخلص اور بے لوث طبقہ جدیدنظام ابلاغ کے اصول اور ضابطوں سے آگاہ ہو جس کی روشنی میں دعوت کے کام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ میڈیا کا علم دعوت کے علاوہ انسانیت کی خاطر حق وصداقت کے فروغ کے لئے انتہائی مفید ثابت ہو سکتا ہے اور دینی مدارس سے فارغ التحصیل طلبہ میڈیاکے بارے میں معلومات رکھنے کی وجہ سے معاشرے کی اصلاح اوراس کی نمائندگی کے سلسلہ میں بہتر کردار ادا کر سکتے ہیں۔ مدارس سے فارغ التحصیل طلبہ اگرمیڈیا کے میدان میں آتے ہیں تو یقیناًان کے لیے یہاں بالخصوص دینی موضوعات کے حوالے سے بہت زیادہ مواقع ہیں۔
یہ بات پورے وثوق کے ساتھ کہی جا سکتی ہے کہ اگر میڈیا ٹیکنالوجی کو دین کا علم رکھنے والے افراد پیشہ ورانہ اصولوں کے ساتھ استعمال کریں تویہ پیشہ ہونے کے ساتھ تبلیغ دین کا بھی مؤثر اور آسان وسیلہ ہو سکتا ہے۔ اس مضمون کے ذریعے دینی طبقوں کو مخاطب کرنے کی وجہ یہ ہے کہ یہ وہ جماعت ہے جوخیر کی اشاعت کا بھرپور جذبہ رکھنے کے ساتھ ہی دینی علم بھی رکھتی ہے اور اس مقصد کے لیے اپنا وقت اور توانائی دونوں صرف کرتی ہے۔ یہی وہ طبقہ ہے جو معاشرے میں مذہبی رجحان کے بقا کی کوششوں میں مسلسل مصروف ہے۔ اس تحریر کا مقصد صرف ان کو اس پہلو پر متوجہ کرنا ہے کہ میڈیا کو تنقید کا نشانہ بنانے کے بجائے اس کو آگے بڑھ کر خود حق کے پیغام کو عام کرنے کا وسیلہ بنالینے کی ضرورت ہے۔ دین کی دعوت نشر و اشاعت کے انہی وسائل اور آلات کے استعمال سے ان تک بہ آسانی پہنچائی جاسکتی ہے جن کے کان ابھی تک کلمۂ حق کی حلاوت سے آشنا نہیں ہوسکے۔ یقیناًمیڈیا سے دوستی اوراس سے قربت آپ کے لیے انتہائی مفید ثابت ہو گی اور یہ حق کے پیغام کو چہار جانب پھیلانے کا اہم ترین وسیلہ بن سکتا ہے۔ میڈیا کے درست استعمال کے لیے اس میں درپیش مسئلہ کو سمجھنے اور اس کو حل کرنے کے لیے منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔
یہ بات سمجھ لینا چاہیے کہ میڈیا کا خود اپنا کوئی نظریہ نہیں ہوتا بلکہ اس کو چلانے والے اس کے ذریعہ سے اپنے خیالات کی ترسیل کرتے ہیں۔ اگر دین کا علم رکھنے والے افراد ذرائع ابلاغ کو استعمال میں لاسکیں تو یقیناًاسے ہدایت کا سرچشمہ بنایا جا سکتا ہے اور اگر دین کا ناقص علم رکھنے والے یا دین سے ناواقف لوگوں کے ہاتھوں میں میڈیا کی طاقت دے دی جائے گی تو پھر یقیناًیہی کچھ ہو گا جو آج آپ دیکھ رہے ہیں۔ یونیورسٹیوں کے طلبہ کے پاس اچھی دینی معلومات تو ہو سکتی ہے لیکن نظریاتی حدود کا خیال اور معاشرتی تبدیلیوں کی دینی لحاظ سے درست سمت کا تعین وہی لوگ کر سکتے ہیں جو دین کاعلم اورشعور رکھنے کے ساتھ معاشرتی زندگی کی نزاکتوں پر بصیرت کی نظر رکھتے ہوں۔ مدارس کے باشعور فارغین سے معاشرہ اسی طرح کی امیدیں لگائے ہوئے ہے جو اصل دینی مصادر سے مستفید اور احادیث کے علوم سے واقف ہوتے ہیں، جس کی روشنی میں وہ ذہنوں کی درست سمت میں رہنمائی کر سکتے ہیں۔ میڈیا کوگفتگو میں پیشہ ورانہ مہارت رکھنے والوں کی ضرورت ہے۔ یہ واقعی المیہ ہے کہ اس وقت جو دینی پروگرام پیش کیے جارہے ہیں ان کوپیش کرنے میں ٹھوس دینی علم رکھنے والوں کی کمی جھلکتی ہے اور اس کے برعکس نیم خواندہ لوگوں کی جماعت کام کررہی ہے۔ اس کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ مستند دینی حلقے اچھے اینکر اور ٹی وی پراچھی گفتگو کرنے والے معاملہ فہم افراد فراہم کرنے میں ناکام رہے ہیں جس کے سبب سے یہ میدان لائق افراد سے خالی رہ گیا ہے اور ناموزوں افراد دینی پروگراموں کو اپنی لیاقت کے مطابق پیش کررہے ہیں ۔ٹیلی ویژن چینلوں کی طرح کی صورتحال ویب سائٹس، ایف ایم ریڈیوز وغیرہ میں بھی دیکھی جاسکتی ہے۔
میڈیا کی باریکیاں یا اس میں امکانات کی تلاش سے پہلے یہ جان لینا ضروری ہے کہ یہ پیشہ عزت و شہرت اور ضرورت کے علاوہ انتہائی محنت، تگ و دو،عزم اور سب سے بڑھ کربے انتہا صبر چاہتا ہے۔ اس پیشہ میں قدم قدم پر پھول بھی ہیں اور کانٹے بھی۔ اس میں ذرا سی لغزش ہماری جان کو خطرے میں ڈال سکتی ہے یا بے اعتمادی کی خلیج پیدا کرسکتی ہے اور کوشش و عزم سے سرخ روئی اور قبول عام بھی مل سکتاہے، جس کا مشاہدہ ہم روزانہ ہی میڈیا کے ذریعہ کرتے رہتے ہیں۔ اس میں وہی ٹک سکتا ہے جو ان چیلنجوں سے نبردآزما ہونے کی اہلیت رکھتا ہو۔ یہاں کوئی تھیوری کام نہیں کرتی، کوئی پریکٹیکل نہیں چلتا، بس آپ اس میں دیرپا کارکردگی کا مظاہرہ اسی وقت کرسکتے ہیں جب آپ ان چیلنجوں سے لڑنے کا مادہ رکھتے ہوں۔ پل پل ایک نئے چیلنج سے سابقہ پڑتا ہے، آپ کی ایک غلطی آپ کے ادارے پر سوالیہ نشان لگا سکتی ہے۔ بڑی ہی احتیاط اور جلدی میں ہر کام نمٹانا ہوتا ہے کہ ہر گزرتے وقت کے ساتھ خبریں بدلتی رہتی ہیں، اور آپ کے سامنے ہوتا ہے ایک نیا موضوع۔ دلچسپ اور معلومات سے پْر، پل پل ہونے والے واقعات سے دنیا بھر کے لوگوں کو آگاہ کرنے کی ذمہ داری ہوتی ہے آپ پر، اس لئے اس وادی میں قدم رکھنے سے پہلے سوچ ،سمجھ اور ایک وژن (نظریہ) کا ہونا ضروری ہے کہ اس کے بغیر نہ تو کامیابی مل سکتی ہے اور نہ ہی کوئی مقام حاصل کیا جاسکتا ہے۔
جیسا کہ میں نے عرض کیا اہل مدارس نے ہر جائز فن کو اپنی توجہ بخشی اور اس میں لازوال کارنامے انجام دئیے اور دے رہے ہیں، تو وہ اس فن میں بھی اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کر سکتے ہیں بس ذرا توجہ اور جد وجہد کی ضرورت ہے۔ جب ہم نے اس میدان میں قدم رکھنے کاتہیہ کر لیا توہمیں اپنے لیے اپنی صلاحیتوں کے مطابق شعبہ کا انتخاب کرنا ہوگا، اس لئے کہ میڈیا کا میدان کافی وسیع ہے جس کو کئی حصوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے۔ مثلاً:
(1)پرنٹ میڈیا
(2) الیکٹرانک میڈیا
(3)سائبر میڈیا یا سوشل میڈیا
پرنٹ میڈیا میں اخبارو رسائل اورجرائدوغیرہ کو شامل کیا جا سکتا ہے۔ الیکٹرانک میڈیا ریڈیو اور ٹی وی پر مشتمل ہے جبکہ سائبر میڈیا میں انٹرنیٹ، ویب سائٹس اور بلاگز وغیرہ شامل ہیں۔ آئے دن نت نئی ایجادات اور اختراعات سے اس میں بھی تبدیلی آ رہی ہے اور اس کے علاوہ بھی نئے نئے ذرائع پیدا ہو رہے ہیں اور ان سب میں تھوڑی محنت اور تگ و دو سے مدارس کے طلبہ اپنی جگہ بنا سکتے ہیں۔
سب سے پہلے ہم یہاں پرنٹ میڈیا پر گفتگو کرتے ہیں۔ اسے دوسرے لفظوں میں صحافت یا جرنلزم بھی کہا جا تا ہے۔ اس میدان میں جو بھی آتا ہے وہ اپنی تعلیم، تجربے اور معلومات کے مطابق میدان منتخب کرتا ہے، مثلاً کسی کو اسلامیات سے دلچسپی ہے تو وہ اس سے متعلق موضوعات پرمستند مواد اور دل کش طرز تحریر پیش کرسکتاہے،کسی کو ادب سے لچسپی ہے تو وہ ادب کے شعبہ کو توجہ کا مرکز بنا سکتا ہے اور اس میں اپنی صلاحیتوں اور قابلیتوں کا لوہا منوا سکتا ہے۔ اسی طرح کچھ صحافی بین الاقوامی سیاست پر لکھتے ہیں، کچھ ملکی سیاست پر جو کہ ظاہر ہے ان کی تعلیم، رجحان اور تجربے کے مطابق ہی ہوتا ہے، اس لیے دینی مدارس سے فارغ التحصیل طلبہ بھی اپنے رجحان ،تجربہ اور تعلیم کے مطابق ہی میدان منتخب کریں۔ مثلاً:
۱۔ مذہبی رجحان کے حامل روزنامے، ماہنامے وغیرہ۔
۲۔ روایتی اخبارات میں مذہبی کالم اور دینی مسائل۔
۳۔ بچوں کے ادب میں مواقع بالخصوص مذہبی اور تاریخی واقعات کو آسان پیرائے میں بیان کرنا۔
۴۔ خواتین کے جرائد میں اسوہ حسنہ کی روشنی میں مضامین۔
۵۔ تاجر حضرات کی تجارت کے اسلامی اصول کی جانب رہنمائی اور کاروبار کی جائز صورتوں کی نشان دہی۔
۶۔ حلال و حرام کی تحقیق اور اس سے متعلق تحقیقی جرائد
۷۔ عربی صحافت کا ترجمہ۔
۸۔ اسلامی معاشرے کی رپورٹنگ اور مقامات کا صحیح تلفظ۔
دوسرے نمبر میں الیکٹرانک میڈیا کو لیتے ہیں۔ الیکٹرانک میڈیا کی جب ایجاد ہوئی تو یہ تصورکیا جانے لگا کہ اب پرنٹ میڈیا کی حیثیت باقی نہیں رہے گی لیکن آج بھی دنیا پرنٹ میڈیا کی اہمیت سے منکر اور اس کی ضرورت سے دست بردار نہیں ہوسکی ہے۔ جہاں تک الیکٹرانک میڈیا میں مدارس کے طلبہ کے کام کرنے کی بات ہے تو وہ اس میدان میں بھی نمایاں خدمات انجام دے سکتے ہیں، جیسا کہ میں نے اوپر عرض کیا میڈیا کے ہر اقسام میں مدارس کے طلبہ اپنی حیثیت منوا سکتے ہیں، خصوصی طور پر آج کل ریڈیو کے علاوہ بہت سے مذہبی ٹی وی چینل بھی شروع ہو چکے ہیں، جن میں مدارس کے فارغ التحصیل طلبہ اچھی خدمات انجام دے سکتے ہیں۔مثلاً:
۱۔اسکرپٹنگ
۲۔ خوابوں کی تعبیر
۳۔ فقہی مسائل کی افہام وتفہیم
۴۔تفسیر قرآن
۵۔تفہیم و تشریح حدیث
۶۔ عام کمرشیل چینل بھی ناظرین کے لیے سوال وجواب کے پروگرام منعقد کرتے رہتے ہیں۔
۷۔مکالمہ نویسی /ڈرامہ نگاری وغیرہ
میڈیا کی ایک نئی شکل ویب میڈیا بھی ہے جس کی کئی شاخیں ہیں، اسے سائبر میڈیا یا سوشل میڈیا کے نام سے بھی جانا جاتا ہے اور آج کی دنیا میں اسے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے بھی زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔ اسی طرح سوشل میڈیا سے ہی وابستہ دو اہم تصورات اور بھی ہیں، پہلا سٹیزن جرنلزم اور دوسرا بلاگنگ۔ یہ انٹرنیٹ کا ایک ایسا معاشرتی و سماجی روپ ہے جہاں سوشل نیٹ ورکنگ، انٹرنیٹ ویڈیو، ویب سائٹس اور بلاگز جیسے دیگر مواصلاتی ذرائع کے ذریعے انٹرنیٹ صارفین کے درمیان معلومات، خیالات، تجربات اور دیگر موضوعات پر تبادلہ اور معلومات کے اشتراک کو فروغ دیا جاتا ہے۔ ایسی ہی سوشل ویب کی ایک شکل سٹیزن جرنلزم یعنی عوامی صحافت اور ویب ویڈیو سائٹس ہیں۔ سٹیزن جرنلزم کا عام مفہوم کسی پیشہ ور صحافی کے بجائے عوام کا خبریں اور معلومات اکٹھا کرنا اور ان کی تشہیر کر کے صحافیانہ خدمات انجام دینا سمجھا جاتا ہے۔ یوں تو صحافت کے روایتی نمونوں میں بھی قارئین کی شمولیت خطوط، تجاویز اور آراء کے ذریعہ رہی ہے، تاہم انٹرنیٹ پر بلاگز اور ویب ویڈیو کی ترسیل کرنے والی ویب سائٹس نے نہ صرف عوامی صحافت کو نئے خطوط پر استوار کیا ہے بلکہ اسے ویب ٹو کے نام سے پہچانے جانے والے انٹرنیٹ کے اوتار کا اہم جزو بنا دیا ہے۔
اسی کی ایک شکل کراؤڈ میڈیا بھی ہے جو تیزی سے فروغ پا رہا ہے، جس کی صورت یہ ہے کہ رپورٹرز اپنے آرٹیکلز کے لیے اپنے اسمارٹ فونز کے ذریعے تصاویر اور ویڈیوز بناتے ہیں۔ ذرائع ابلاغ کی دنیا میں سوشل میڈیا کے طفیل وجود میں آنے اور فروغ پانے والی اس فوٹو گرافی نے ’’کراؤڈ میڈیا‘‘ کا نام پایا ہے، جس نے اب تجارت کی صورت اختیار کرلی ہے۔ یہ تجربہ میڈیا کے اداروں کا اس قدر مددگار ثابت ہوا ہے کہ وہ اپنے فوٹوگرافرز پر انحصار کرنے کے بجائے سوشل میڈیا فوٹو جرنلسٹس کی بروقت کھینچی گئی اور بہتر سے بہتر تصاویر کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ اس سلسلے میں ’’کراؤڈ میڈیا‘‘ کی ویب سائیٹ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا دونوں کی معاون ثابت ہورہی ہے۔ یہ ویب سائٹ اپنے خودکار سرچنگ سسٹم کے ذریعے روزانہ کھینچی جانے والی 150؍ملین تصاویر میں سے سرچ کرکے مطلوبہ تصاویر فراہم کرسکتی ہے، اس طرح درکار وقت میں تصاویر کے خزانے سے کسی نیوز اسٹوری سے متعلق تصاویر بہ آسانی دست یاب ہوجاتی ہیں۔
کراؤڈ میڈیا یہ تصاویر عام صارفین سے حاصل کرتا ہے، جو عموماً فیس بک، ٹوئٹر وغیرہ جیسی سوشل ویب سائٹس پر پوسٹ کی جاتی ہیں۔ کراؤڈ میڈیا کو آن لائن ہوئے ابھی پندرہ منٹ ہی گزرے تھے کہ اس ویب سائٹ نے ٹوئٹر پر آنے والی امریکی صدر باراک اوبامہ کی ایک فنڈریزنگ تقریب میں شرکت کی اولین تصاویر حاصل کرلیں اور ان کی اشاعت کے لیے گاہک بھی تلاش کرلیا۔ اس میدان میں کیریئر بنانے کے لئے خبروں کو سمجھ کر انہیں پیش کرنے کا فن، تکنیکی علم، زبان پر اچھی پکڑ ہونا ضروری ہے۔ نیوز پورٹل کے طور پر آزادانہ طور پر کام کرنے والی سائٹس کی تعداد ہندوستان میں کم ہے، لیکن بیرون ملک اس کے مواقع کافی زیادہ ہیں۔ ایسی سائٹس کی تعداد زیادہ ہے جو اپنے ویب کے مواد اپنے چینلز یا اخبارات سے لیتی ہیں۔ آپ آزاد نیوز پورٹل میں ویب صحافی بن کربھی آپ اپنا کیریئر بنا سکتے ہیں، یہاں کھیل، ادب، آرٹ جیسی سائٹس پر کریئر کے روشن امکانات ہیں۔
اس تمام گفتگو کامقصد یہ ہے کہ ان تمام شعبہ جات میں مدرسہ سے فارغ التحصیل طلبہ اگر کسی ایک خاص شعبہ کا شوق رکھتے ہیں تو ان کی لیاقت کے مطابق انہیں ملازمت مل سکتی ہے۔ مثلاً کرکٹ یادیگر کھیلوں کے شوقین طلبہ ان کھیلوں پر بہتر انداز میں خبریں پیش کر سکیں گے۔ اسی طرح فیشن کا زمرہ بھی ہے، مذہبی شعبہ جات بھی موجود ہیں اور سیاست توہے ہی ہمیشہ سے گرما گرم موضوع۔ اچھی اور متأثر کن آواز والوں کے لیے ریڈیو کا شعبہ ہے، لکھنے والوں کی مہارت اخبارات میں کام آسکتی ہے، جبکہ اچھی شکل و صورت آپ کو ٹیلی ویژن پر لاسکتی ہے۔ ہر امتحان کی تیاری سے ہی اس میں کامیابی ممکن ہوتی ہے۔ کسی بھی مشینری یا ٹیکنالوجی کا استعمال جانے بغیر اسے مصرف میں لانا ہمیشہ خطرناک نتائج کا باعث بنتا ہے، میڈیا بھی ایک ٹیکنالوجی ہے جسے استعمال کرنے سے پہلے اس کی بنیادی باتوں کا علم ہونا ضروری ہے۔
یہاں ایک اورپہلو کی وضاحت کرتا چلوں جو ایک بہت بڑی غلط فہمی بھی ہے کہ الیکٹرانک میڈیا میں ٹی وی فلم اور دیگر ویڈیوز کو ہی سب کچھ سمجھ لیا گیا ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ الیکٹرانک میڈیا ذرائع ابلاغ کا ایک طاقتور حصہ ضرور ہے لیکن ایسا نہیں کہ اس کے بغیر پیغام رسانی اور نظریات کا فروغ ہی ممکن نہیں۔ ویسے تو بہت سے دینی حلقے کچھ حدود و قیود کے ساتھ الیکٹرانک میڈیا کے قائل ہو چکے ہیں لیکن اگر کوئی جماعت اس کے بغیر ہی چلنا چاہے تو بھی کچھ زیادہ مشکل نہیں ہے۔ الیکٹرانک میڈیا کے میدان میں آنے کے لیے بھرپور تیاری کی ضرورت ہے کیونکہ دین کی تبلیغ کے لیے موجودہ رائج الوقت طریقے کار آمد نہیں ہوں گے۔ دینی جماعتوں کو چاہیے کہ الیکٹرانک میڈیاکے دائرۂ کار میں قدم رکھنے سے پہلے دیگر شعبہ جات یعنی پرنٹ میڈیا (اخبارات ورسائل)، سائبر میڈیا یعنی انٹرنیٹ وغیرہ میں زیادہ کام کریں۔ کچھ عرصہ کی مکمل پیشہ ورانہ تربیت کے بعد الیکٹرانک میڈیا کی طرف توجہ کی جاسکتی ہے، کیوں کہ یہ ایک مہنگا کام ہے اس کے لیے بغیر پیشہ ورانہ تربیت کے فنڈز ضائع ہونے کا بھی خدشہ ہے۔ انٹرنیٹ ، پرنٹ میڈیا اور دیگر ذرائع ابلاغ بھی کچھ کم اہمیت کے حامل نہیں ہیں۔ اگر ان کو مکمل پیشہ ورانہ اصولوں کے ساتھ اختیار کیا جائے تو ان سے انتہائی مفید نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ شرط یہ ہے کہ روایتی طریقوں سے ہٹ کر اس شعبہ کی باریکیوں کو سمجھنے کی کوشش کی جائے۔ پروپیگنڈہ مکمل سائنس کا درجہ حاصل کرچکا ہے اور اس کو اپنے حق میں استعمال کرنے کے لیے بھرپور تیاری کی ضرورت ہے۔ یہاں ایک وضاحت یہ بھی ضروری ہے کہ ’’پروپیگنڈہ‘‘ کے لفظ سے بھی میڈیا کی طرح صرف منفی معانی ہی اخذ کیے جاتے ہیں، حالانکہ اس سے مراد پیغام کو زیادہ سے زیادہ پھیلا دینا ہے، یعنی دعوت کو عام کرنا،یہ منفی اور مثبت دونوں معنوں میں استعمال ہوتا ہے۔
اگر آپ اپنی دعوتی سرگرمیوں کو اچھے طریقے سے سرانجام دیں گے اور مضبوط نیٹ ورک بنائیں گے تو معاشرے کا بڑا طبقہ بشمول میڈیا آپ کے ساتھ چلے گا اور اگر ایسا نہ ہوسکا تو یقیناً مخالفین حاوی نظر آئیں گے اور محض مساجد میں دئیے گئے مواعظ اور خطبات کام نہ آ سکیں گے۔ دینی تعلیمات سے ہٹ کر زندگی گذارنے والوں کو بھی دین کے فریضہ کی ادائیگی کے باب میں کسی صورت بری الذمہ قرار نہیں دیا جاسکتا۔ اس بحث کا مقصد صرف یہ ہے کہ نظریاتی تصادم کی اس گہما گہمی میں اسلام کی دعوت کے امین اور صاحب علم دینی حلقوں کوبہت محنت کرنے کی ضرورت ہے اور خاص طور پر میڈیا کے میدان میں۔
ایک اور چیز جس کا یہاں ذکر کرنا شاید غیر مناسب نہ ہو کہ مدارس کے طلبہ اور جدید دانش گاہوں سے فارغ التحصیل طلبہ کے درمیان تال میل نہیں ہو پاتا۔ چونکہ مدارس کے طلبہ میرے مخاطب ہیں، اس لیے میں ان سے کہوں گا کہ اس سلسلہ میں ان کی جانب سے بھی کچھ کمی رہ جاتی ہے کہ وہ ان سے مثبت تعلقات استوار کرنے کی کوشش نہیں کرتے بالخصوص میڈیا سے وابستہ افراد سے تو بالکل نہیں، حالانکہ یہ ایک حقیقت ہے کہ جب بھی کوئی سنجیدہ کوشش ہوئی تو یہی نوجوان نسل جسے مذہب بیزار سمجھ لیا گیا تھا ہراول دستہ ثابت ہوئی۔ فلسطین کی تحریک آزادی میں یونیورسٹیوں کے طلبہ کا بڑا کردار ہے۔ مصر میں محمد مرسی کے خلاف فوج کی ظالمانہ مداخلت، روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ ظلم و زیادتی کے خلاف آواز، مظفر نگر فسادات سمیت ایسے متعدد نسلی و قومی عصبیتوں کے خلاف اس طبقہ نے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انٹرنیٹ کے ذریعہ دعوت وتبلیغ میں بھی بڑا حصہ ایسے افراد کا ہے جو شاید کبھی کسی مدرسے میں نہ گئے ہوں۔ یہ علمائے کرام کی کتابوں کی تشہیر کرتے ہیں اور مطالعہ کرکے دلائل ڈھونڈتے اور پیش کرتے ہیں۔ دینی طبقے کو میڈیا سے منسلک افراد سے رابطہ بڑھانے کی ضرورت ہے۔ قابل افراد کو بھی پیشہ ورانہ مہارت فراہم کر کے میڈیا کے اداروں میں پہنچایا کیا جا سکتا ہے۔
اس قدر طویل گفتگو کے بعد یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ آخر اس کے لئے مدارس کے طلبہ کیا کریں تو اس کا جواب یہ ہے کہ جس طرح سے وہ دیگر میدانوں کا انتخاب کرتے ہیں،اس کا بھی انتخاب کریں اور پورے عزم و ہمت کے ساتھ اس میدان میں قدم رکھیں۔ اس کے لئے بہت سی یونیورسیٹیوں میں میڈیا کے شعبہ سے متعلق باضابطہ کورسز موجود ہیں جسے پوراکرنے کے بعد مدارس کے طلبہ مکمل پروفیشنل انداز میں اس میں پاؤں جما سکتے ہیں۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، جے این یو، اگنو اور مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں مدارس سے فارغ طلبہ کے لیے مواقع زیادہ ہیں جن میں سے بعض کا میڈیم اردو ہے اور ان کے ہاں داخلہ کی اہلیت کے لئے بھی امیدوار کا صرف بارہویں پاس ہونا ہے۔ اسی طرح انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ماس کمیونیکیشن، نئی دہلی، انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بزنس اینڈ میڈیا، پونے، سمباسس انسٹی ٹیوٹ آف ماس کمیونی کیشن، پونے، مدرا انسٹی ٹیوٹ آف کمیونی کیشنز، احمد آباد، جیسے ادارے ان کورسیز کے لئے معروف اور بہتر تصور کئے جاتے ہیں۔
اس میں زیادہ تر انسٹی ٹیوشن انٹرنس اگزام منعقد کرتے ہیں۔ اس میں تحریری ٹیسٹ، انٹرویو اور گروپ ڈسکشن بھی ہوتا ہے۔ تحریری امتحان میں اسٹوڈنٹس کی تحریری صلاحیت، جنرل اور عام معلومات، تجزیہ کی صلاحیت اور فطری صلاحیتوں کی جانچ کی جاتی ہے۔ اکثر طلبہ مجھ سے یہ دریافت کرتے ہیں کہ اس کی تیاری کیسے کریں؟ صحیح بات تو یہ ہے کہ انٹرنس اگزام کے لئے کوئی خاص تیاری نہیں کرنی ہوتی ہے، ٹیسٹ کے ذریعے امیدوارکے سوشل، کلچرل اور سیاسی اشوزسے متعلق معلومات کو پرکھا جاتا ہے۔ حالات حاضرہ کی تیاری جرنلزم کیلئے ضروری عنصر ہے۔ نیوز پر آپ کی پکڑ ہونی چاہیے۔ ایسے امیدوار ہی اچھے صحافی بنتے ہیں، جنہیں نیوز کی اچھی سمجھ ہوتی ہے اور جن کی رائٹنگ اسکل اچھی ہوتی ہے۔ علاوہ ازیں، ان کا اپنے پیشے سے نباہنے کاعزم ہونا بھی ضروری ہے۔ دراصل کسی بھی خبر کا تجزیہ کرکے اسے سادہ طور پر پیش کرنا ہی ماس کمیونی کیشن کا بنیادی مقصد ہوتا ہے۔ اگر آپ اس پیشے میں کامیاب ہونا چاہتے ہیں تو نیوز پیپر، میگزین اور حالات حاضرہ سے متعلق کتابیں ضرور پڑھیں۔ میں جامعہ ملیہ سے گریجویشن کے بعد ماس کام میں داخلہ لینا چاہتا تھا تو ہر روز انٹرنس اگزام کی تیاری کے لئے اردو ،ہندی اور انگریزی کے کئی لیڈنگ نیوز پیپر اور میگزین پابندی سے پڑھا کرتا تھا۔ اس سے ہر ایک کے نظریہ کا بھی علم ہوتا ہے، اس کے لئے ٹی وی چینلوں کا دیکھنا اور ریڈیو وغیرہ کا سننا افادیت سے خالی نہ ہوگا۔
انٹرنس اگزام میں رائٹنگ اسکل اور حالات واقعات محض آپ کی بیداری کی جانچ کے لئے ہوتے ہیں۔ اس میں کامیاب ہونا آسان ہے۔ اصل امتحان انٹرویوز کے دوران ہوتا ہے۔ اس دوران آپ کے نیوز سینس اور کمیونی کیشن اسکل کی جانچ پرکھ ہوتی ہے۔ اگر آپ دبو قسم کے انسان ہیں یا جلدی اپنا صبر کھو دیتے ہیں تو آپ کو اس میں کامیابی نہیں مل سکتی۔ اس لئے آپ کو اپنے مقصد کے تئیں واضح نظریہ بنانا ہوگا کہ آپ کا مزاج اس پیشے کے موافق ہے یا نہیں۔
جو طلبہ میڈیاکی تدریس کے میدان میں اپنا کیرئیر بنانے کے خواہش مند ہیں، ان کے لئے اس میدان میں بھی راہیں کشادہ ہیں۔ اب تو اسکولوں میں باضابطہ ماس کمیونیکیشن کا بھی ایک سبجیکٹ ہوگا جس کے لئے سینٹرل گورنمنٹ نے باضابطہ منظوری بھی دے دی ہے۔ ظاہر ہے اس میں پڑھانے کے لئے اس کورس سے وابستہ افرادہی اس میں حصہ لے سکیں گے تو اس کیلئے تیاری بھی ضروری ہے۔ اس سلسلہ میں نیٹ اور جے آر ایف کرنے کے بعد مزید تعلیم کیلئے ریسرچ اور ایم فل و پی ایچ ڈی کی بھی گنجائش ہے اور ملک کی تقریباً تمام ہی بڑی یونیوسٹیوں میں اس کے کورسز ہیں۔ اگرچہ اعلیٰ تعلیم صحافیوں کیلئے روزگار کا ایک اہم ذریعہ ہے، لیکن تحقیق بھی صحافت میں کیریئر کے انتخاب کا ایک میدان ہے۔
بعض غیر سرکاری ادارے مثلاً ’ آج تک‘، ’این ڈی ٹی وی‘، ’دی ہندو‘ اور ’ٹائمس آف انڈیا ‘ وغیرہ کے اپنے اپنے میڈیا ہاؤسز ہیں، یہاں سے بھی ٹریننگ لی جا سکتی ہے جس کی تفصیلات ان کی ویب سائٹ میں موجود ہے۔ ابھی حال ہی میں آئی آئی ایم سی نے اردو جرنلزم میں ایک سال کا ڈپلوما کورس شروع کیا ہے۔ اس میں بھی تربیت حاصل کی جا سکتی ہے۔ ان سب کے علاوہ تقریباً تمام ہی بڑے اداروں میں اچھے مترجم کی ضرورت ہوتی ہے۔ مدارس سے فارغ طلبہ انٹر پریٹر اور مترجم کی حیثیت سے بھی اپنے خدمات انجام دے سکتے ہیں۔ اس کے لئے بھی مختلف اداروں میں باضابطہ کورس کرایا جاتا ہے۔ یو این آئی ہندوستان کی دوسری سب سے بڑی نیوز ایجنسی ہے جس میں تقریباً ساری خبریں ترجمہ پر مبنی ہوتی ہیں۔ مدارس سے فارغ طلبہ ان جگہوں پر بھی اپنی خدمات دے سکتے ہیں۔
اس کے لئے کسی صحافی کی صحبت میں رہ کربھی تجربہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ آج کل خبروں کا حاصل کرنا کچھ مشکل کام نہیں ہے۔ واقعات تو عام سے ہوتے ہیں، انہیں بس خبر کا انداز دے کر خاص کر لیا جاتا ہے۔ مزید یہ کہ علم تو مدارس سے فارغ طلبہ کے پاس ہوتا ہی ہے اگر وہ تھوڑا عملی تجربہ حاصل کرلیں تو وہ مضامین، کالم، ڈرامہ، اسکرپٹ اور فیچرسبھی لکھ سکتے ہیں۔ آج کل انٹر نیٹ کا دور ہے اور نیٹ پر ہر موضوع کے متعلق وافر مقدار میں مواد موجودہے، اس لیے کسی بھی موضوع پر لکھنا کچھ مشکل نہیں۔ اگر کسی کے اندر کچھ کر گزرنے کا جذبہ ہے تو اسے میڈیا میں ضرو رآنا چاہیے۔ اپنے خیالات دوسروں تک پہنچا کراور اپنے ہم خیال افراد کی ٹیم بنا کر اچھے مقاصد کے لیے کام کیا جا سکتاہے،لیکن یہاں پر یہ یاد رکھیں کہ یہ ایسا پیشہ ہے جس میں محض اردو زبان کے سہارے پائیداری نہیں مل سکتی بلکہ اس میدان میں اگر واقعی جگہ بنانی ہے تو ہندی اور بطورخاص انگریزی زبان پر بھی مکمل دسترس ہونی ضروری ہے ورنہ استحصال، ناقدری اور سبکی کے سوا کچھ ہاتھ نہیں آئے گا۔
اس میں اپنی فنی تعلیم کو بھی اہمیت دیں۔ یہ بات ذہن نشین رہے کہ تعلیم اور تجربہ آپ کے کیریئر کے لیے گاڑی کے دو پہیے ہیں۔ صرف تجربہ کی بنیاد پر بہت طویل اور صبر آزما محنت کے بعدتو کوئی مقام مل جاتا ہے لیکن تجربہ کے بغیر صرف ڈگری کاحصول کبھی کبھی خفت اور ناکامی کا سبب بھی بن جاتاہے۔ اس لیے دونوں چیزوں کو اہمیت دیں اور اپنے لیے اصول مقرر کر کے عمل کے میدان میں آگے آئیں۔ ہوش مندی سے آپ جو تجربہ حاصل کریں گے، وہ آپ کو اس شعبے میں داخل ہونے میں مدد دے گا، اور فنی تعلیم آپ کے لیے اس میدان میں تخلیقات میں تنوع لانے میں معاون ثابت ہوگی، اور اپنے سے جونیئرس کے ساتھ کس طرح سلوک کرنا ہے اور ان کی صلاحیتوں کو پرکھ کر کس طرح کام میں لانا ہے، کس کام کے لیے خود کو کس طرح پیش کرنا ہے، ان باتوں کا شعور آپ کو تعلیم سے حاصل ہو سکے گا۔ کیونکہ جو لوگ محض تجربے کی بنیاد پر میڈیا میں ایکٹر یا ڈائریکٹر یا پروڈیوسر بن جاتے ہیں، وہ صرف اپنے لیے کام کرتے ہیں اور محدود پیمانے پر کرتے ہیں، ان کی سوچ بھی محدود ہوتی ہے، بیشک کام اچھا ہوتا ہے، لیکن ان کے کام کا فائدہ ہر ایک کو نہیں ملتا اور وہ کسی نئی بھرتی کو مہارت بہم پہنچانے میں کامیاب نہیں ہوپاتے، نتیجتاً بہت گراں قدر صلاحیتوں کے مالک افراد کارآمد نہیں بن پاتے۔ اس کے برعکس آپ تعلیم یافتہ ہو کر اس فن کی دنیا میں آئیں گے تو آپ کو تخلیقی ذہن کی اہمیت کا احساس ہوگا، آپ اپنا مقام حاصل کرنے کے لیے دوسروں کو ان کا مقام دیں گے، آپ کو مل جل کر کام کرنے (ٹیم ورک ) کاتجربہ ہوگا ، اکیلے آپ بہت کم اور بدقت کام کر پائیں گے جبکہ ٹیم ورک میں آپ نہ صرف کام زیادہ کر یں گے بلکہ شہرت بھی نصیب ہوگی، یہاں تک کہ جب کسی وجہ سے اس شعبے سے کٹ جائیں گے، تب بھی لوگ آپ کو یاد رکھیں گے اور آپ کے معذور ہونے کے باوجود آپ کے جونئیرس اور آپ کے شاگرد آپ کی قدر کریں گے اور آپ کو کام کا موقع فراہم کریں گے۔
اخیر میں ایک اور اہم بات عرض کرتا چلوں جس سے ہمیں بہت کچھ سوچنے کاموقع اور کام کرنے کا حوصلہ ملے گا۔ ایک رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی موبائل ایس ایم ایس سروس سے کئی ہزار لوگ مسلمان ہو چکے ہیں۔ فلسطینی تنظیم حماس اور لبنان میں حزب اللہ نے اپنے مقاصد کے لیے میڈیا کو بھرپور طریقے سے استعمال کیا ہے، انہوں نے متعدد مواقع پر یہودی اور مغربی میڈیا کو شکست دی ہے۔ یہ لوگ انتہائی مہارت سے میڈیا کو اپنے حق کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ ایران میں بھی میڈیا کی روایتی پریکٹس سے ہٹ کر متبادل فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ ضرورت صرف اس بات کی ہے کہ اگر یہ سب منظم طریقے سے ہونے لگے تو اس سے بہت نفع بخش اور دور رس نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں،تاہم یہ بات واضح ہونی چاہیے کہ وقتی طور پر میڈیا پر کسی خاص گروہ کا غلبہ دیکھ کر پریشان نہ ہوا جائے۔ ایسا تو انبیاء علیہم السلام کے دور میں بھی ممکن نہیں ہوا کہ تمام لوگ ہدایت یافتہ ہوگئے ہوں۔
یہ مقابلے کی دنیا ہے، ہر گروہ کو اپنا اپنا کام کرنا ہوتا ہے۔ میڈیا معاشرہ میں تبدیلی لانے کا طاقتور ترین ہتھیار ہے اور دعوت کے میدان میں اس کی ضرورت بڑھتی ہی جا رہی ہے، اس لیے داعی جماعتوں کے لیے ضروری ہے کہ میڈیا سے دور رہنے کی پالیسی پر نظر ثانی کرتے ہوئے اسے اپنے حق میں استعمال کرنے کی کوشش کریں۔ورنہ یاد رکھیںآنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی،کیونکہ اکیسویں صدی میں دعوت دین کی ترسیل و اشاعت کی بڑی ذمہ داریوں کا انحصار بھی میڈیا پر ہی ہوگا اورمیڈیا سے پرہیزو گریزکی حکمت عملی ہم سبھوں کیلئے خسارۂ عظیم بن جائے گی۔
[email protected]

حالیہ شمارے

براہیمی نظر پیدا مگر مشکل سے ہوتی ہے

شمارہ پڑھیں

امتیازی سلوک کے خلاف منظم جدو جہد کی ضرورت

شمارہ پڑھیں