ایران میں تعلیم ایک نظر

0

تحریر: ضیاء وحید

حالیہ کچھ دنوں سے ایران سرخیوں میں ہے ۔مغربی ملکوں سے اس کی نیوکلیئر ڈیل اس کی خاص وجہ بنی ہوئی ہے ۔ایران اسلامی انقلاب کے بعد سے ہی بین الاقوامی پابندیوں کا شکار رہا ہے ۔جس کی وجہ سے ایران نے ہر شعبے میں خود کو خودکفیل بنالیا ہے ۔نیوکلیئر فیوزن تک کیلئے ایران کو بیرونی مدد کی ضرورت درکار نہیں رہی ۔مانا جاتا ہے کہ اس کے پیچھے ایران کی تعلیمی پالیسی کارفرما ہے۔ایٹمی ری ایکٹرس سے متعلق اقوام متحدہ کی پابندیوں کے ختم ہونے سے ایران نے عالمی مارکیٹ میں تیزی سے رسائی حاصل کی ہے۔ جس میں ایران کے تعلیمی شعبے کو بھی فائدہ حاصل ہوا۔ایران کی اعلی تعلیم کا شعبہ زبردست ترقی سے گزر رہا ہے۔مغربی ملکوں سے کیئے گئے معاہدوں کے بعدایران غیر ملکی طلباء کیلئے رغبت کا باعث بن رہا ہے۔ یونیسکو کے اعداد و شمار کے مطابق، 2016 میں ایران نے اپنے جی ڈی پی کا 3.37 فیصد حصہ تعلیم پر خرچ کیا ہے۔حالانکہ ایران میں یہ فی صد مستقل نہیں ہے اس میں ملکی معاشی بنیادوں پرکمی یا زیادتی کی جاتی رہی ہے ۔لیکن ایران نے تعلیمی شعبے کو معیاری بنانے کی ہر ممکن کوششیں کی ہیں۔

ایران کی اہم یونیورسٹیز

ایران کی چند مشہور یونیورسٹیوں میں تہران یونیورسٹی،تربیت مدرس یونیورسٹی،ایران یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹکنالوجی اور شیراز یونیورسٹی شامل ہیں۔میڈیکل شعبے کے طالب علم تہران یونیورسٹی آف میڈیکل سائنس، شیراز یونیورسٹی آف میڈیکل سائنس یا شاہدبہشتی یونیورسٹی آف سائنس کو ترجیح دیتے ہیں۔

غیر ملکی طلباء کیلئے اہم کورسیس

غیر ملکی طلباء کیلئے ایران میں جو اہم تعلیمی پروگرامس پیش کیئے جارہے ہیں ان میں بیچلر، ماسٹرس اور پی ایچ ڈی شامل ہیں۔اس کے علاوہ تحقیق کے شعبے میں بھی پوسٹ گریجویٹ سطح کے کورسیس متعارف کیئے گئے ہیں۔ایران ، سائنس اینڈ ٹکنالوجی کے علاوہ تاریخ ،ثقافت ،آرٹس اور مذہبی تعلیم کیلئے کافی سود مند ملک رہاہے ۔ایران کی قدیم ثقافت اور اسلامی کردار ،تعلیمی ماحول پر اچھا اثر ڈالتے ہے۔ زیادہ تر ایرانی یونیورسٹیز کیمیاء، میڈیسن، انجینئرنگ اور طبعیات جیسے مضامین میں عمدہ تعلیم کیلئے پہچانی جاتی ہے۔بڑی تعداد میںغیر ملکی طلباء ایران میں تاریخ اور ثقافت میں تعلیم کو ترجیح دیتے ہیں۔کئی طلباء ایران اور مشرق وسطیٰ کے ثقافتی یاسفارتی تعلقات پراسٹڈی کیلئے بھی ایرانی یونیورسٹیز کا رخ کرتے ہیں۔ لینگویجس میں ماسٹرس کیلئے بھی غیر ملکی طلباء بڑی تعدادمیں ایران آتے ہیں۔ایران میںغیر ملکی طلباء کیلئے کئی کورسیس موجود ہیں جس میں سب سے مقبول فارسی زبان اور اسلامی علوم کے شعبے ہیں۔

فارسی زبان

بیرونی طلباء کیلئے ایران میں فارسی ادب میں مختصر مدتی اور طویل مدتی کوریسس موجود ہیں۔ان کورسوں کا مقصد طلباء کو فارسی زبان کے رموز و اقات سے ہم آہنگ کرانا اورفارسی ادب کی ترقی کو ممکن بنانا ہے ۔تاکہ بیرونی طلباء اچھے طریقے سے فارسی کو لکھ اور پڑھ سکیں ۔

اسلامی علوم

ایران چونکہ اہل تشیع مکتب فکر کا اکلوتا مرکز رہا ہے اس لیئے یہاںاہل تشیع کے نظریات پر مبنی اسلامی کورسیس بڑی تعداد میں فراہم کیئے جاتے ہیں پوری دنیا سے اہل تشیع مکتب فکر کے طلباء ایران سے اسلامی علوم میں ڈگریاں حاصل کرتے ہیں۔حکومتی سطح پر ایسے طلباء کی حوصلہ افزائی بھی کی جاتی ہے۔

سائنس اینڈ ٹکنالوجی

ایران کی کئی یونیورسٹیز میں سائنس اینڈ ٹکنالوجی کی معیاری اور عالمی سطح کی تعلیم فراہم کی جاتی ہے ۔ایران میں اس کیلئے کئی یونیورسٹیز عالمی معیار کی قائم کی گئی ہیں۔ایرانی انقلاب کے بعد بڑی تعداد میں ایرانی طلباء نے مغربی ملکوں سے سائنس اینڈ ٹکنالوجی کی تعلیم حاصل کی اور اپنی زبان میں اس کو خوب ترقی دی ۔جس کا فائدہ اب ایران کے اندر طلباء اٹھارہے ہیں۔ایران یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹکنالوجی اور تہران یونیورسٹی، سائنس اور ٹکنالوجی کے مختلف مضامین کیلئے مناسب ادارے مانے جاتے ہیں۔

تاریخ و ثقافت

ایران چونکہ اپنی قدیم تاریخ رکھتا ہے اس لیئے ایران میں تاریخ اور ثقافت کے شعبے میں تحقیق کیلئے بھی طلباء رخت سفر باندھتے ہیں۔یہاں تک کہ عرب دنیا کی تاریخ اور ثقافت سے جڑے مضامین بھی ایران کی یونیورسٹیوں میں معیاری انداز میں پڑھائے جاتے ہیں۔ایران کی کوئی بھی بڑی یونیورسٹی سے تاریخ و ثقافت کے کورسیس یا پروگرام سے منسلک ہوا جاسکتا ہے۔

فاصلاتی تعلیم

ایران میں فاصلاتی تعلیم کا بھی عمدہ انتظام کیا گیا ہے۔جس کے ذریعہ دنیا کے کسی بھی شہر سے ایران میںمختلف کورسوں سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔لیکن اس کیلئے ذریعہ تعلیم فارسی ہی ملے گا۔

بیرونی طلباء کیلئے سہولت

بیرونی طلباء کیلئے تعلیمی اخراجات کا انحصار یونیورسٹیز اور کورسیس پر ہیں۔کئی یونیورسٹیز میں تو طلباء کیلئے رہائشی انتظام کیا جاتا ہے اورکہیں آپ کو خود ہی اپنا انتظام کرنا ہوتا ہے۔ حالانکہ یہ زیادہ مہنگا بھی نہیں ہوتا ہے۔ایران میں تعلیم حاصل کرنا آپ کو تہذیبی اور ثقافتی طورپر ایک انوکھا تجربہ دیتا ہے جس سے آپ کو بہت کچھ سیکھنے اور دیکھنے کو مل سکتا ہے۔

اسکالر شپس

ایران میں بنیادی طور پردو طرح سے اسکالرشپ دی جاتی ہے ۔مختصراسکالرشپس جس میں صرف ٹیوشن فیس فراہم کی جاتی ہے جبکہ مکمل اسکالرشپس میں ٹیوشن فیس کے ساتھ ساتھ رہائش کیلئے ضروری اخراجات بھی فراہم کیئے جاتے ہیں۔ایرانی یونیورسٹیز میںتعلیم کیلئے حکومتی اور خانگی دونوں سطح پر اسکالرشپ آفر کی جاتی ہے حالانکہ ان اسکالرشپس کو حاصل کرنے کیلئے سخت مقابلہ بھی درپیش ہوسکتا ہے۔اگر آپ کا تعلیمی ریکارڈ معیاری ہو تو آپ کوزیادہ تگ و دو کرنانہیں پڑے گا ۔غیر ملکی مسلم طلباء کواسلامی علوم کے حصول کیلئے حکومت تعاون کرتی ہے اور اس شعبے میں اسکالرشپ فراہم کرتی ہے اسکالرشپ کے تحت ٹیوشن فیس ، رہائش ، طبی امداد اور تعلیم مکمل ہونے تک لگنی والی ضروری رقم بھی فراہم کی جاتی ہے۔

ایران میں تعلیم حاصل کرنے کے دیگر فوائد

ہم اکثر دیکھتے ہیں کہ تعلیم کا حصول وہ بھی کسی غیر ملک میں ،زندگی کو تلخ تجربات سے گذارتا ہے لیکن اگر ماحول پر سکون اور عمدہ ملے تو اپنے وطن سے دور رہ کر بنا ذہنی دباؤ کے تعلیم حاصل کی جاسکتی ہے۔
ایرانی لوگ ایرانی لوگ گرم جوش اور دوستانہ صفت کے مالک ہوتے ہیں۔کسی بھی غیر ملکی کو بڑی آسانی سے قبول کرلیتے ہیں بلکہ یہ کہا جائے تو غلط نہ ہوگا کہ غیر ملکیوں کی میزبانی کیلئے جی جان بھی لگا دیتے ہیں۔اس لیئے یہاں کسی بھی طالب علم کو سماجی مسائل کا سامنا مشکل ہی سے کرنا پڑے گا۔
تہذیب و ثقافتایرانی تہذیب دنیا کی قدیم ترین اور اعلیٰ تہذیب مانی جاتی ہے ۔یہاں کے فن دیکھنے لائق ہوتے ہیں۔ایران میں ایسے کئی علاقے ہیںجہاں ایرانی آرٹ کا اظہار ہوتا ہے ۔اس تہذیب سے واقفیت کے بعد انسان کو دنیا میں ایک عمدہ تجربہ حاصل ہوتا ہے۔

ذائقے دار پکوانایران جہاں اپنی تہذیب اور ثقافت پر فخر کرتا ہے وہیں ایرانی کھانے اور پکوان دنیا بھر میں معروف ہیں۔ایران کے کئی ذائقے دار پکوان بھار ت میں بھی مشہور ہیں۔لیکن جس کی اصل ایران ہو وہ ڈش ایران میں ہی مزہ دیتی ہے۔طالب علم اپنے فرست کے لمحات میں ایرانی پکوانوں کا ذائقہ لے سکتے ہیں۔

آثار قدیمہ

ایرانی تہذیب کی نشانیاں ایران میں جابجا موجود ہیں۔ ایران کا ہر شہر اپنے اندر تاریخی یادگاروں کو سمیٹے ہوئے ہیں۔ایران کے یہ آثار قدیمہ مشاہدین کو ماضی کی عظمت کا دیدار کرادیتے ہیں۔ جہاں انسانی تمدن کا اعلیٰ مظاہرہ پایا جاتاہے۔یہ ایک بہترین تجربہ ہے جو ایران کی تاریخی یادگاروں اور آثار قدیمہ کو دیکھ کر حاصل ہوتا ہے ۔تاریخ اور تحقیق کے شعبے سے وابستہ طالب علموں کیلئے یہ کسی چھپے ہوئے خزانے سے کم نہیں ہے۔

پر امن ، خوشگوار ماحول اور سبزہ زار

ایران ایک خوبصورت اور دلکش ملک ہے ایران میں ہر جگہ سبزہ زار اور باغیچے ذہن کو سکون پہنچا تے ہیں جس سے صحت اور نفسیات پر اچھا اثر پرٹا ہے ۔ایران کی آب و ہوا اور حسن ،غیر ملکیوں کو راغب بھی کرتا ہے اور نیا جوش اور ولولہ بھی پیدا کردیتا ہے ۔سرسبز و شاداب ایران کو آنکھوں سے دیکھنا ایک انوکھا تجربہ ہے ۔

اعلیٰ اور معیاری تعلیم

ایران میں اسلامی انقلاب کے بعد تعلیم پر خصوصی توجہ دی گئی تھی ۔حالانکہ ایران اہل تشیع کی مذہبی تعلیم کیلئے بڑا مرکز رہا ہے لیکن عصری اور لسانی علوم میں بھی ایران عالمی معیار رکھتا ہے ۔یہاں سے تعلیم حاصل کرنازندگی کا ایک انوکھا اور یادگار تجربہ مانا جاتا ہے۔یہاں صرف تعلیم ہی نہیں ملتی بلکہ زندگی کی تشنگی کو تسکین بھی ملتی ہے۔

تبصرہ کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

Verified by MonsterInsights