0

سدھیندر کلکرنی پر حملے کی شدید مذمت
ایس آئی او ممبئی ڈویژن جناب سدھیندر کلکرنی (چیئرمین او آر ایف) پر جارحانہ حملے کی شدید مذمت کرتی ہے۔ ایس آئی او کو یقین ہے کہ اس طرح کے حیوانی حملے جوکہ نفرت اور شدت پسند ذہنیت کا نتیجہ ہیں دستور ہند کی فراہم کردہ جمہوری اقدار کے یکسر منافی ہیں۔ یہ حکومت ہند کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے معزز شہریوں نیز مہمانوں کی حفاظت کا ذمہ خود لے۔ ایس آئی او ممبئی ریاستی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ اوآرایف کے دفاتر، نظماء، آفس ورکرس کو مکمل سیکورٹی فراہم کرے اور ان عناصر کے خلاف سخت قدم اٹھائے جو کہ اس طرح کی شرمناک نیز گھناؤنی حرکات میں ملوث ہیں۔ ایس آئی او ممبئی کا یقین ہے کہ تعمیری مباحث اور ڈائیلاگ ہندوپاک تنازع کا واحد حل ہے۔ ہم سدھیندر اور ان کے رفقاء کی کوششوں کو سراہتے ہیں کہ انہوں نے قومی مفاد سے اوپر اٹھ کر اس طرح کے ڈائیلاگ کی شروعات کی۔

فریشرس کو استقبالیہ
’’ آج کا نوجوان طبقہ تیزی سے غیراخلاقی سرگرمیوں میں مبتلا ہوتا جارہا ہے۔ اس میں مزید یہ کہ اس کی رہنمائی صحیح سمت کے بجائے غلط خطوط پر ہورہی ہے جو کہ کسی بھی طرح ہمارے لیے قابل قبول نہیں ہے بلکہ ہلاکت کا پیش خیمہ ہے۔ ‘‘ان خیالات کا اظہار جناب محمد نورالدین شاہ صاحب امیرحلقہ مغربی بنگال نے فریشر پارٹی کے موقع پرکیا۔اس اہم نشست میں تقریبا دو سو طلبہ نے مغربی بنگال کے مختلف مقامات سے شرکت کی۔ جس میں ایل ایل بی، انجینئرنگ اور میڈیکل کے طلبہ شامل تھے۔ جناب آیت اللہ فاروق صاحب صدرشعبہ کمپیوٹر سائنس عالیہ یونیورسٹی نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ ایک ذمہ دار شہری بن کر زندگی گزاریں۔ اس موقع پر پروفیسر سعیدالرحمن عالیہ یونیورسٹی نے بھی طلبہ سے خطاب کیا اور مفید مشوروں سے نوازا۔

ٹیلنٹ ہنٹ جلسہ تقسیم انعامات
ایس آئی او چھتیس گڑھ کی جانب سے جلسہ تقسیم انعامات کا انعقاد ریاست کے راجدھانی رائے پور میں کیا گیا۔ اس پروگرام میں ’’ٹیلنٹ ہنٹ‘‘ امتحان میں کامیاب ہونے والے طلبہ کو انعامات سے نوازا گیا۔ واضح رہے کہ یہ امتحان گزشتہ دس روز پہلے ایس آئی او چھتیس گڑھ کی جانب سے منعقد کیا گیا۔ اس امتحان میں امتیازی نمبرات حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد دی گئی نیز ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ کچھ منتخب طلبہ کو ایوارڈ سے بھی سرفراز کیا گیا۔ مشہور مقرر جناب نذیر خاں صاحب (جبل پور) نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی۔ نیز صلاحیتوں کو مزید پروان چڑھانے کی نصیحت کی۔

نشہ مخالف مہم کا انعقاد
ایس آئی او دہلی کی جانب سے ۱۲؍تا ۱۸؍اکتوبر ۲۰۱۵ء نشہ مخالف مہم کا انعقاد کیا گیا۔ اس مہم میں جامعہ ملیہ اسلامیہ زون کے بھی طلبہ نے شرکت کی۔ اس مہم کا افتتاحی اجلاس ملی ماڈل اسکول کے علامہ اقبال ہال میں کیا گیا۔ افتتاحی سیشن کا آغاز جناب محمد شاداب کی تذکیر بالقرآن سے ہوا۔ جس میں برادر نے نشہ کے اخلاقی نقصانات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ خوف خدا اور ایمان بالغیب کے بغیر کسی بری لت سے چھٹکارا پانا ناممکن ہے۔ صرف قانون کے بل بوتے پر کسی بھی برائی پر پوری طرح قابو نہیں پایا جاسکتا۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے کے معاشرے کو رول ماڈل کی حیثیت سے پیش کرتے ہوئے آپ نے کہا کہ صرف ایمان بالغیب کی بدولت اس طرح کا مثالی معاشرہ وجود میں آیا تھا۔ بعدازاں جناب ڈاکٹر سلیم صاحب اسوسی ایٹ پروفیسر جامعہ ملیہ نے خطاب کیا۔ آپ نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج جبکہ برائی پر لب کشائی کرنا بڑا ہی مشکل کام ہے۔ میں ایس آئی او کو مبارکباد دیتا ہوں کہ اس نے اس مہم کا آغاز کیا۔ ڈاکٹر صاحب نے تفصیل سے بتایا کہ ام الخبائث کس طرح سے انسانی جسم کے لیے مہلک ہے۔ برادر آصف اقبال صاحب نے اعداد وشمار کے ذریعے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ہر سال کتنے ہی نفوس کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑتا ہے۔ جناب خان یاسر صاحب نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ جس طرح کوئی بھی شخص جان بوجھ کر زہر کھانے سے پرہیز کرتا ہے چاہے اس کا کوئی جگری دوست ہی اس کو اس کام کے لیے آمادہ کرے اسی طرح محض کسی دوست کے کہنے سے اس زہر کو گلے لگانا غیردانشمندانہ فعل ہے۔ آپ نے قرآن مجید کے حوالے سے بتایا کہ یہ ایک لغو اور فضول لت ہے جس سے انسانی صحت اور مال دونوں کا زیاں ہوتا ہے۔

دادری واقعے کے خلاف احتجاج
وطن عزیز میں پچھلے چند دنوں میں کچھ ایسے واقعات پیش آئے ہیں، جن کی تفصیلات بہت ہی دردناک اور ملک کی جمہوری سالمیت اور امن وامان کے لیے بہت بڑا سوالیہ نشان ہیں۔ یوپی کے دادری کیس میں اخلاق کا درد ناک قتل اور چھیرا نامی دلت کے نذر آتش کردینے کے سانحے پر الجامعہ الاسلامیہ شانتا پورم کے طلبہ نے اپنے غم وغصہ کا اظہار کرتے ہوئے ،صدائے احتجاج بلند کی گئی ۔کلچرل فاشزم کے خلاف کیمپس پروٹسٹ کیا گیا۔ جس میں اردو طلبہ کے ساتھ ساتھ ملیالی طلبہ نے بھی شرکت کی۔ اسی مناسبت سے صدر یونٹ برادر عاطف غلام نے ان مایوس کن واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے طلبہ کی رہنمائی کی، انہوں نے طلبہ کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے واقعات ملک کے مستقبل کے سلسلے میں فکرمند کردیتے ہیں۔

فٹ بال اور والی بال ٹورنامنٹ کا انعقاد
ٹریک فورس اسپورٹس کلب (ایس آئی اوKovai )کی جانب سے فٹ بال اور والی بال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں اٹھارہ ٹیموں نے حصہ لیا۔ جناب نثار صدر ضلع نے اس ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔ برادر صلاح الدین اور جناب جلیل صاحب (ناظم ضلع کووئی جماعت اسلامی) اس پروگرام کے مہمان خصوصی تھے۔

تبصرہ کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

Verified by MonsterInsights