0

سید حامد کی وفات پر ایس آئی او کا اظہار تعزیت
معروف اسکالر وسماجی کارکن جناب سید حامد صاحب کی وفات پر ایس آئی او آف انڈیا کی جانب سے اظہار تعزیت کیا گیا۔ اس موقع پر جاری پریس ریلیز میں صدر تنظیم ایس آئی او آف انڈیا نے کہا کہ ’’پروفیسرسید حامد جدید ہندوستان کے ایک بہت ہی معزز ماہر تعلیم اور مصلح کے طور پر یاد کئے جائیں گے‘‘۔ صدر تنظیم نے پروفیسر مرحوم کا ایس آئی او آف انڈیا سے گہرا تعلق بیان کرتے ہوئے اللہ رب العزت سے دعا کی کہ ان کی مغفرت فرمائے اور پسماندگان کو صبرجمیل کی توفیق مرحمت فرمائے۔
محترم صدرتنظیم نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ یقیناًپروفیسر سید حامد اب ہمارے درمیان نہیں رہے، لیکن ان کی خدمات، بالخصوص تعلیمی اور سماجی میدان میں ان کی خدمات آئندہ نسلوں کے درمیان انہیں زندہ وجاوید رکھیں گی۔
ایس آئی او بلریاگنج یونٹ کی جانب سے خطاب عام 

ایس آئی او بلریاگنج (یوپی ایسٹ زون) کی جانب سے ۱۳؍فروری کی شب ’برائیوں کا طوفان اور مسلم نوجوان‘ کے عنوان سے ایک عظیم الشان خطاب عام کا پروگرام رکھا گیا۔ جس میں امیرحلقہ جماعت اسلامی یوپی مشرق جناب مولانا ولی اللہ سعیدی فلاحی صاحب بطور خاص شریک رہے۔ موصوف نے ملک وملت کے موجودہ حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ کس قدر تیزی کے ساتھ مغربی تہذیب کا سیلاب پیش قدمی کررہا ہے، اور کس طرح ہماری تہذیب وثقافت اس سے بری طرح متأثر ہورہی ہے۔ موصوف نے فرمایا کہ ایسے موقع پر ضروری ہے کہ ہم اور ہمارے نوجوان اسلامی اخلاق وکردار کا بہترین نمونہ پیش کریں، اسلام اور اسلامی تعلیمات کو عام کریں، تاکہ اس بھٹکتی ہوئی انسانیت کو صحیح رخ دینے اور ان کی صحیح رہنمائی کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔

ایس آئی او بسمت یونٹ کی جانب سے گائیڈنس پروگرام
اسکالرشپ امتحان میں حصہ لینے والے طلبہ کو امتحان کی تیاری میں آنے والی مشکلات کو دور کرنے نیز اسکالرشپ امتحان کی بنیادی باتوں پر طلبہ کی رہنمائی کرنے کے لیے ایس آئی او بسمت یونٹ کی جانب سے گائیڈنس پروگرام کا انعقاد کیا گیا جوبمقام مرکز اسلامی ایس آئی او آفس لائن تالاب پر منعقد ہوا۔پٹھان پرویز سر( نودیہ ودھیالیہ )نے طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے انگریزی گرامر پر رہنمائی فرمائی۔ساتھ ہی پروگرام میں اسکالرشپ امتحان کی تیاری کے مراحل اور امتحان کی اہمیت کی طرف خصوصی توجہ دلائی گئی۔اس پروگرام میں ضلع پریشداردو اسکول ،عائشہ اقبا ل اردو اسکول،اساس اردو اسکول،قمر بیگ اردو اسکول،راجیو گاندھی اردو اسکول اور ضلع پریشد تحتانیہ اردو اسکول کے جماعت پنجم،ششم،ہفتم،ہشتم اور نہم کے طلبہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ساتھ ہی ایس آئی او آفس پر سنیچر اور اتواردو دن ہونے والے اسکالرشپ کوچنگ کلاسیس کی طلبہ کو اطلاع بھی دی گئی۔اس وقت اختر سر ،لئیق صدیقی،وسیم پٹیل،لقمان سر،فیض قادری سر،شیخ ذاکر،شیخ جاوید ،سید انصاراور سُمیر صدیقی موجود تھے۔
ریاستی سطح کے مقابلے میں مصباح یونٹ کا اول مقام
میاں صاحب اسلامیہ انٹر کالج گورکھپور کی جانب سے منعقد ہونے والے جلسہ سیرت النبیؐ کے ریاستی سطح کے مختلف النوع مقابلوں میں جامعہ مصباح العلوم چوکونیاں کے فعال ممبر حماد الرحمن و اسوسی ایٹ حفیظ الرحمن نے بالترتیب اردو تقریر و قرأت میں اول مقام حاصل کیا ہے، منتظمین سیرت کمیٹی نے دونوں طلبہ کو توصیفی سند، کتاب، مڈل اور شیلڈ دے کر اعزاز بخشا۔
طلبہ کی اس کامیابی پر ناظم جامعہ الحاج کلیم اللہ چودھری وصدر جامعہ ڈاکٹر ملک رشید احمد فلاحی ندوی نے ان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے مبارکباد پیش کی اور مشترکہ طور سے اپنے تأثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ جذبہ صادق، عزم محکم و جہد مسلسل سے ہر مقصد کو حاصل کیا جاسکتا ہے۔
درجہ دہم میں شامل ہونے والے طلبہ کے لیے ٹسٹ سیریز
ایس آئی او کلکتہ کی فعال یونٹ توپسیا یونٹ نے ان طلبہ وطالبات کے لیے اسکور بورڈ کے نام سے ایک پروجیکٹ کا آغاز کیا، جو امسال دسویں جماعت کا امتحان دینے والے ہیں۔ یوں تو تمام امتحانات اپنے آپ میں اہم ہوتے ہیں مگر بورڈ کے امتحانات ان میں اپنا ایک الگ مقام رکھتے ہیں۔ تین ماہ پر محیط اس پروجیکٹ میں طلبہ وطالبات نے بہت ہی دلجمعی کے ساتھ حصہ لیا۔ ہر سبجیکٹ کے الگ الگ ابواب کا ٹسٹ اور پھر مکمل نصاب پر مبنی اس ٹسٹ کے ذریعہ توپسیا اور اطراف کے ۲۵۰؍ سے زائد طلبہ مستفید ہوئے۔ واضح ہوکہ اس ٹسٹ سیریز میں غیر مسلم طلبہ بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔
پورے نصاب کے امتحانات میں جن طلبہ کی شمولیت ہوئی ان کے لیے الوداعی تقریب کا انعقاد توپسیا کے معروف اسکول اولاد حسین اسلامک اکیڈمی میں گزشتہ ۵؍فروری کو بعد نماز مغرب ہوا۔ جہاں میرٹ لسٹ کی بنیاد پر اول، دوم اور سوم انعامات بھی دیئے گئے، جبکہ تمام شریک طلبہ کو امتحان بورڈ، ایڈمٹ کارڈ، فولڈر اوردیگر تحائف سے نوازا گیا۔اس موقع پر شہر کلکتہ کے معروف معروف ماہر تعلیم اور سماجی کارکن جناب انور پریمی صاحب، ایس آئی او آف انڈیا کے سابق سی اے سی ممبر اجناب راشد نیر صاحب، اور دیگرمہمان خصوصی طور پر شریک ہوئے۔

تبصرہ کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

Verified by MonsterInsights