0

ایس آئی او آف انڈیا نے پٹنہ بم بلاسٹ کی سخت مذمت کی
ایس آئی او آف انڈیا نے پٹنہ شہر میں ہوئے سیریل بم بلاسٹ پر اظہار افسوس کیا،اور اس کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ صدر تنظیم ایس آئی او آف انڈیا برادر اشفاق احمد شریف نے پریس میٹ سے خطاب کرتے ہوئے پٹنہ کے گاندھی میدان میں بی جے پی کی ایک ریلی کے دوران ہوئے بم بلاسٹ کو بزدلانہ حرکت قرار دیا، اور اس کی کھل کر مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ اس پورے معاملے کی صاف وشفاف تحقیق جلد از جلد ہونی چاہئے اور جو افراد بھی اس میں ملوث پائے جائیں ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جانی چاہئے۔
صدر تنظیم نے بے گناہ لوگوں کی گرفتاری پر بھی افسوس ظاہر کیا، انہوں نے کہا کہ بم بلاسٹ کا مقصد ملک کے عوام کو ڈسٹرب کرنا ہے، اس طرح کے مواقع پر سماج صبروتحمل کا مظاہرہ کرے، اور اتحاد واتفاق بنائے رکھے تاکہ جو افراد بھی ان کے پیچھے ہوں، وہ اپنے مقصد میں کامیاب نہ ہوسکیں۔
اسی طرح آپ نے کہا کہ متأثر افراد کے ساتھ تعاون کیا جانا چاہئے اور ملک میں امن وامان کے قیام کے لیے کوششیں کرنی ہوں گی۔
آپ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جلد از جلد واقعات کی تحقیق کی جانی چاہئے اور مخصوص طبقے کے بے گناہ اور معصوم نوجوانوں کو ٹارچر کرنے کی بجائے اصل مجرم کی تشخیص ہونی چاہئے، اور اس کو سخت سزا ملنی چاہئے۔
ایس آئی او نے ملک کے سنجیدہ شہریوں خصوصا طلبہ برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک امن کی فضا بنائے رکھیں، اور سماج کی مثبت اور تعمیری ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔
اسلامی بیداری کے لیے کام کرنے والوں کو ریسرچ اور تحقیق کے میدان میں کافی کام کرنا ہوگا: صدر تنظیم
ناگپور، ایس آئی او مہاراشٹر نارتھ زون نے اپنے کیڈر کی تربیت اور ان کی سلاحیتوں کے ارتقاء کے لیے ایک کیمپ کا انعقاد کیا، تاکہ وہ کیمپس میں اور ایک آئیڈیل سماج کی تعمیر میں حصہ لے سکیں، اور اس میں ایک رہنما کردار ادا کرسکیں۔
کیمپ کا انعقاد ۱؍تا۵؍نومبر ۲۰۱۳ ؁ء کو ناگپور میں ہوا۔ ہندوستان کے مختلف گوشوں سے ماہرین نے اس میں خطاب کیا، تاکہ وہ شرکاء کی مختلف پہلوؤں سے رہنمائی کرسکیں۔ اس موقع سے ڈاکٹر محمد رفعت سکریٹری جماعت اسلامی ہند نے اسلامی نظریات پر گفتگو کی، انہوں نے کہا کہ صرف اسلام ہی وہ مذہب ہے جس کے پاس دنیا کے تمام مسائل کا حل موجود ہے، اس وقت دنیا جس معاشی، سیاسی اور سماجی واخلاقی بحران کا شکار ہے، اس کا حل صرف اور صرف اسلام ہی پیش کرسکتا ہے۔ انہوں نے اسلام کے خلاف مغربی سازشوں کا تذکرہ کرتے ہوئے ان کے غلط پروپیگنڈوں کا بھی تجزیہ کیا۔ اس موقع پر سابق صدرتنظیم اور رکن مجلس شوری جماعت اسلامی ہند حلقہ آندھراپردیش جناب عبدالجبار صدیقی صاحب نے انقلابی تحریک کے نظام تزکیہ پر روشنی ڈالی، اور انہوں نے تربیتی نظام میں بہتری لانے کے لیے کچھ رہنما اصول پیش کیے۔ موصوف نے تحریک وتنظیم کے اندر تزکیہ نظام کی مضبوطی کی ضرورت اور اہمیت پر قرآن وسنت کی روشنی میں بھرپور گفتگو کی۔ اس موقع پر جناب سید شجاعت حسینی سابق جنرل سکریٹری ایس آئی او آف انڈیا نے ہندوستان کے بدلتے تعلیمی منظرنامے پر ایک تجزیاتی گفتگو کی، اور ہندوستان کے تعلیمی نظام کے کمزور پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ سابق صدرتنظیم جناب محمد اظہرالدین صاحب نے عالمی معاشی بحران پر گفتگو کرتے ہوئے، اسلامی بینکنگ سسٹم کی ضرورت، افادیت اور اہمیت پر روشنی ڈالی۔ سی اے سی ممبر برادرخان یاسر نے فکر مودودی کی عصری معنویت پر گفتگو کی، اور موجودہ صدرتنظیم برادر اشفاق احمد شریف نے اپنی گفتگو میں کہا کہ ہمارے وابستگان کے اندر سماجی مسائل کے سلسلے میں حساسیت کی کمی پائی جاتی ہے، آپ نے ملک کے موجودہ سماجی واخلاقی مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے طلبہ کو ان کی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا، اور گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یقیناًطلبہ برادری کو سماج میں ایک مثبت اور تعمریی تبدیلی لانے کے لیے کوشش کرنی ہوگی، اور اس بات کو ذہن میں رکھنا ہوگا کہ اسلامی بیداری کے لیے کام کرنے والوں کو ریسرچ اور تحقیق کے میدان میں کافی کام کرنا ہے۔ آخر میں صدرحلقہ مہاراشٹر نارتھ زون ڈاکٹر انوار نے اختتامی کلمات میں طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ اب ہمیں معروف کے فروغ اور منکر کے ازالے کے لیے کمربستہ ہوجانا ہے، اور اسلام کے پیغام کو ساری کائنات میں عام کرنا ہے۔
تعمیر مستقبل کے لیے بہترین صلاحیتوں کی تلاش
ایس آئی او کانپور نے تعمیر مستقبل کے لیے بہترین صلاحیتوں کی تلاش کے عنوان سے ایک تقسیم انعامات پروگرام کا انعقاد کیا۔ یہ پروگرام مرچنٹ چیمبر ہال، سول لائن ، کانپور میں ۳؍نومبر ۲۰۱۳ ؁ء کو منعقد ہوا۔ اس مسابقہ میں تقریبا ۵۰۰؍طلبہ نے حصہ لیا۔ اولین دس طلبہ کو مڈل اور ایک سال کے لیے رفیق منزل؍چھاتر ومرش؍دی کمپینئن کا انعام دیا گیا۔ اسی طرح سینئر اور جونیئر دونوں گروپس کے اولین تین تین طلبہ کو بالترتیب ۵؍۳؍۲؍ ہزار نقد انعام مع مڈل دیا گیا۔ جونیئر گروپ میں اول دوم سوم بالترتیب محمد حذیفہ، عیان علی انصاری اور نائلہ شاہین نے حاصل کیا، جبکہ سینئر گروپ میں اول دوم سوم درجہ بالترتیب محمد ارسلان، تنویر احمد اور محمد سہیل نے حاصل کیا۔
صدر حلقہ یوپی سنٹرل نجم الثاقب نے ایس آئی او کا تعارف کرایا، اور کہا کہ تنظیم پچھلے ۳۱؍سالوں سے طلبہ ونوجوانوں کی بھلائی اور خدمت کے لیے کام کررہی ہے۔ انہوں نے نارتھ انڈیا ایجوکیشن موومنٹ کا تعارف بھی کرایا، اور نارتھ انڈیا کی تعلیمی صورتحال پر بھی روشنی ڈالی۔ برادر عبداللہ عزام نے حکومت کی تعلیمی میدان میں غلط پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے ایک مثالی نظام تعلیم کا تعارف کرایا۔ برادر انصار ابوبکر سی اے سی ممبر نے اپنی اختتامی تقریر میں ایس آئی او کی نارتھ انڈیا ایجوکیشن موومنٹ پر روشنی ڈالی، اور طلبہ کو ترغیب دی کہ تبدیلی اسی وقت آئے گی جبکہ طلبہ خود آگے بڑھیں اور اپنا اہم کردار نبھائیں۔
ایس آئی او مغربی بنگال کی جانب سے 
پروفیشنل کورسیز کے طلبہ کو استقبالیہ
ایس آئی او مغربی بنگال زون نے نئے پروفیشنل طلبہ کو جنہوں نے میڈیکل، انجینئرنگ اور قانون میں داخلہ لیا، ان کے اعزاز میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا۔ مہمان خصوصی کے طور پر جناب محمد عبدالعزیز (چیف کوچ آف محمدن اسپورٹ کلب) نے شرکت کی، ان کے علاوہ امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند، سکریٹری حلقہ جماعت اسلامی ہند، صدر ویلفیئر پارٹی آف انڈیا مغربی بنگال، صدرحلقہ ایس آئی او ویسٹ بنگال، زونل سکریٹری بھی شریک رہے۔ تمام ہی مہمانوں اور ذمہ داروں نے طلبہ کو خطاب کیا، اور ان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایک اچھے پروفیشنل انسان ہونے کے ساتھ ساتھ اسلامی اقدار کا بھی پاسدار بننا ہے۔ مہمان خصوصی جناب محمد عبدالعزیز صاحب نے کہا کہ ہم اپنا اکثر وقت اور توانائی دنیاوی چیزوں کے حصول میں لگاتے ہیں، ہمیں آخرت کے لیے بھی کام کرنا چاہئے۔ ایس آئی او کی کلچرل ونگ نے اس موقع پر اپنا خصوصی پروگرام پیش کیا۔
تمل ناڈو میں ایک نئے اسٹوڈنٹ سینٹر کا افتتاح
طلبہ برادری کو تعلیم کے حصول سے متعلق سہولیات فراہم کرنے کے لیے ایس آئی او تمل ناڈو زون نے تھرومنگلاکدی میں ایک اسٹوڈنٹ سینٹر کا افتتاح کیا، صدر حلقہ برادر سید ابوطاہر نے اس کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر گاؤں کے پردھان راجندراں، الامین میٹرک ہائی اسکول کے پرنسپل برادر عبدالسبحان وغیرہ بھی موجود تھے۔ .زونل دعوت سکریٹری برادر عمران خان نے اپنی افتتاحی تقریر میں اسٹوڈنٹ سینٹر کی خصوصیات بیان کیں، اور بتایا کہ یہ سینٹر سماج کے تئیں طلبہ کو ذمہ دار بنانے میں مدد کرے گا۔ صدر حلقہ نے ’’سماجی تبدیلی کے لیے تعلیم ضروری ہتھیار ‘‘کے موضوع پر گفتگو کی، جناب راجندراں (گاؤں کے پردھان) نے بھی اس موقع پر گفتگو کی۔اور ایس آئی او کے اس قدم پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر نمائندہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تمل ناڈو جناب سید یونس صاحب نے ’’ہندوستان میں طلبہ کا مستقبل‘‘ کے عنوان سے گفتگو کی، اور آخر میں صدر یونٹ نے کلمات تشکر پیش کیے۔
تمل ناڈو میں شراب مخالف مظاہرہ
۱۰؍نومبر ۲۰۱۳ ؁ء کو ایس آئی او تنجور یونٹ تمل ناڈو نے شراب مخالف احتجاج کا انعقاد کیا، اور ریاستی سطح پر شرابب مخالف مہم چلائی، اور شراب کو برائیوں کی جڑ کے طور پر بتایا گیا۔ایس آئی او کے ذمہ دار نے کہا کہ ریاستی حکومت نے شراب سے ہونے والے مالی فائدے میں اضافے کے لیے شراب پینے کی عمر کم کرکے ۱۶؍ سال کردی ہے، جس کی ایس آئی او نے جم کر مخالفت کی، اور کہا کہ حکومت کو آمدنی کے دوسرے ذرائع تلاش کرنے چاہئیں، اور سماج کو تباہی سے بچانے کی کوشش کرنی چاہئے۔ ایس آئی او نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ آمدنی کا دوسرا ذریعہ جلد از جلد تلاش کرنے کی کوشش کرے، تاکہ اس قسم کے کاروبار کے برے اثرات سے نئی نسلوں کو محفوظ رکھا جاسکے۔
جوش اور ولولے کے ساتھ ایس آئی او اسکول کا اختتام
ماہ نومبر میں ایس آئی او آف انڈیا مہاراشٹر ساؤتھ زون نے اپنے حلقے کے امیدوار ممبران کے لیے ایس آئی او اسکول کا انعقاد کیا، یہ ایس آئی او اسکول مہاراشٹر کے تین اہم مقامات پونہ، اورنگ آباد اور پربھنی میں منعقد کیے گئے۔ تقریبا ۲۰۰؍طلبہ نے اس پروگرام میں شرکت کی۔ پروگرام میں ایس آئی او کے تفصیلی تعارف کے ساتھ ساتھ بنیادی تحریکی لٹریچر کو زیربحث لایا گیا، جس میں خطبات، دینیات، اسلام کا نظام حیات، شہادت حق، وغیرہ اہم کتابیں طلبہ کے گروپ ڈسکشن کا حصہ بنیں، اس کے علاوہ مختلف موضوعات مثلا سیرت نبویؐ، تفہیم القرآن، حدیث کا تعارف، دعوت اسلامی اور اقامت دین، عبادات کا وسیع تصور، اسلام اور اجتماعیت، تحریک اسلامی کا نظام تزکیہ وغیرہ موضوعات پر بھی لکچر رکھے گئے۔ اس کے علاوہ پروگرام میں مختلف مقامات سے تشریف لائے ہوئے ساتھیوں نے ڈرامہ، نظمیں، ممکری، وغیرہ پیش کیا، اور اس طرح کلچرل پروگرامس کے ذریعہ اپنی صلاحیتوں کا بہترین مظاہرہ کیا۔ اس پروگرام میں منتخب گروپس اور طلبہ کو ان کی نمایاں کارکردگی پر انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔ ان تینوں ہی پروگرامس میں ذمہ داران حلقہ کے علاوہ بعض دیگر اہم افراد سے بھی استفادہ کیا گیا۔

تبصرہ کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

Verified by MonsterInsights