0

نیڈوتانیہ حادثے پر ایس آئی او کا احتجاج
گزشتہ دنوں اروناچل پردیش کے ایک طالب علم نیڈوتانیہ کو جس بہیمانہ طریقے سے قتل کیا گیا، وہ ملک کی طلبہ برادری اور انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں کے لیے ایک لمحہ فکریہ ہے۔ اس واقعہ سے جہاں علاقائی تعصب اور نفرت کا مسئلہ کھل کر سامنے آگیا ہے، وہیں یہ بات بھی حیران کن ہے کہ انسان اپنے ہی جیسے انسانوں پر جبراور ظلم میں کس حد تک آگے بڑھ سکتا ہے۔ اس سلسلے میں دہلی میں جنتر منتر پر ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں ایس آئی او آف انڈیا نے بھی شرکت کی۔ اس مظاہرہ کو خطاب کرتے ہوئے مرکزی سکریٹری جنابِ شارق انصر نے کہاکہ یہ واقعہ اور اس طرح کے دوسرے واقعات، خواہ وہ ملک کے کسی بھی حصے میں رونما ہوں، ہمارے ملک کے لیے ایک بدنما داغ ہیں، اس سے عالمی سطح پر ہماری شبیہ خراب ہوتی ہے، ضرورت ہے کہ ملک میں اخلاقی اقدار کے فروغ کے لیے ایک منصوبہ بند اور منظم جدوجہد کی جائے، تاکہ طلبائی برادری کے درمیان موجود اس قسم کی خطرناک بیماریوں کا علاج ممکن ہوسکے، اور تعصب اور نفرت کی جگہ محبت اور الفت کا پیغام عام ہوسکے۔ اس موقع پر ایک میمورنڈم بھی تیار کیا گیا، جو متعلقہ اتھارٹیز کو دیا گیا۔
سوشل میڈیا پر ورکشاپ سے انجینئر سلیم کا خطاب
سوشل میڈیا اس وقت ذرائع ابلاغ کا ایک اہم اور مؤثر ذریعہ بن کر سامنے آیا ہے، گزشتہ چند سالوں سے اس کی اہمیت اور تاثیر میں حیرت انگیز طور پر اضافہ ہوا ہے۔ اسلام کے پیغام کو عام کرنے اور الہی ہدایات کی روشنی میں سماج کی تشکیل نو کا عزم لے کر اٹھنے والے طلبہ ونوجوان سوشل میڈیاکا کس طرح بہتر سے بہتر استعمال کریں، یہ ایک اہم مسئلہ ہے۔ اس چیز کو سامنے رکھتے ہوئے دہلی میں ایس آئی اوآف انڈیا اور جماعت اسلامی ہند کے شعبہ رابطہ عامہ کی جانب سے ایک مشترک ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں انجینئر سلیم سکریٹری جماعت اسلامی ہند کے علاوہ ایس آئی او آف انڈیا کے دیگر ذمہ داران نے خطاب کیا۔ انجینئر سلیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زمانہ جس تیزی کے ساتھ آگے بڑھتا جارہا ہے،ا ور اس کی زبان اور اسلوب میں جس جس طرح تبدیلی رونما ہورہی ہے، اسی تیزرفتاری کے ساتھ، بلکہ اس سے بھی تیز رفتار کے ساتھ ہمیں پیش قدمی کرنی ہوگی۔
ایس آئی او کیرلا کا پبلک ریلیشنس پر ورکشاپ
ایس آئی او آف انڈیا کیرلا زون نے پال گھاٹ کے ماؤنٹ سینا اسکول میں پبلک ریلیشنس پر ایک اہم ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ جس میں رابطہ عامہ کو کس طرح مضبوط اور بہتر بنایا جائے اور کس انداز سے اس کے لیے افراد کو تیار کیا جائے، اس پر مختلف پہلوؤں سے گفتگو کی گئی۔ ورکشاپ میں میڈیاون سے جناب ایم ساجدمہمان خصوصی تھے،افتتاحی گفتگو میں ایس آئی او کیرلا زون کے صدر حلقہ ایس ارشاد نے ورکشاپ کی ضرورت اور اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے، موجودہ دور میں پبلک ریلیشن کی مختلف جدید صورتوں کا تعارف کرایا۔ ایم ساجد نے اپنی گفتگو میں کہا کہ سماج میں تبدیلی لانے کے لیے ناگزیر ہے کہ ہم سماج کے ہر طرح کے افراد سے، بالخصوص بااثر افراد سے تعلقات استوار کریں، اور ان کو اپنے پیغام اور دعوت سے متعارف کرائیں۔ ایس آئی او آف انڈیا کو اس میدان میں افراد کی تیاری پر خصوصی توجہ دینی ہوگی۔
JAC ٹیلنٹ فیسٹول ایس آئی او ملکا پور
ایس آئی او ملکا پور (مہاراشٹر نارتھ زون ) کی جانب سے نوعمر طلبہ کی مخفی صلاحیتوں کو سامنے لانے کے لیے ۱۰؍فروری ۲۰۱۴ ؁ء کو معلوماتی امتحان کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں طلبہ کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ امتحان میں اسلامی معلومات، عام معلومات، اور اسکول کے نصاب پر مشتمل سوالات تیار کیے گئے۔ امتحان کے نتائج اور انعامات کے لیے بتاریخ ۲۴؍فروری ۲۰۱۴ ؁ء کو ایس آئی او آفس میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں سی اے سی ممبر جناب سہیل امیر شیخ کے علاوہ دیگر مہمانوں نے شرکت کی۔

تبصرہ کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

Verified by MonsterInsights