0

ایس آئی او گجرات زون کی جانب سے سمرکیمپ کا انعقاد
ایس آئی او گجرات زون کی جانب سے بڑودہ شہر میں اسلامک سمر کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں شہر کے مختلف مقامات سے طلبہ ونوجوانوں نے شرکت کی۔ اس کیمپ میں اسلام کی بنیادی تعلیمات کے علاوہ پکنک؍ سیروتفریح کا بھی اہتمام کیا گیا۔ کیمپ کے دوران درس قرآن، بنیادی اسلامی تعلیمات، سیرت نبویؐ اور مختلف مسابقات کے ذریعے طلبہ ونوجوانوں کی تربیت کی گئی۔ برادر واصف حسین صدرحلقہ ایس آئی او گجرات زون نے اپنے اختتامی خطاب میں شرکاء کی انعامات کے ذریعے حوصلہ افزائی کی۔ انعام یافتہ طلبہ میں برادر منہاج، برادر انس، برادر کامل اور برادر حمزہ کے نام قابل زکر ہیں۔ تمام ہی شرکاء نے کیمپ کے متعلق مثبت رائے کا اظہار کیا اور ایس آئی او کے تئیں اپنی دلچسپی ظاہر کی۔ اس کیمپ کو کامیاب بنانے میں محترم جناب شوکت علی صاحب، جناب مولانا حسنین ندوی صاحب، برادراظہر شیخ (سکریٹری حلقہ ایس آئی اوگجرات) کی خدمات حاصل کی گئیں۔
ایس آئی او حیدرآباد کی جانب سے تربیتی اجتماع کا انعقاد
ایس آئی او حیدرآباد نے کیمپس یونٹ کے صدور کے لیے ایک تربیتی پروگرام کا اہتمام کیا۔ یہ پروگرام ۲۸؍جون ۲۰۱۵ ؁ء برائے میقات ۲۰۱۵ ؁ء ۲۰۱۶ ؁ء کے کیمپس یونٹ صدور کے لیے منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام کا مقصد کیمپس لیڈران کو تحریک دینا، نیز ان کی سرگرمیوں کو صحیح رخ دینا تھا۔ اس اہم پروگرام میں کیمپس ایکٹوزم ، اکیڈمک اکسیلنس اور پینل ڈسکشن برائے کیمپس ایکٹوٹیز جیسے اہم موضوعات پر خطابات ہوئے۔ پروگرام کا اختتام روزہ افطار کے ساتھ ہوا۔
تعلیمی سروے کو مؤثر بنایا جائے

ایس آئی او مہاراشٹر نارتھ زون کا حکومت مہاراشٹر سے مطالبہ
ایس آئی او مہاراشٹر نارتھ زون کی جانب سے مختلف ڈسٹرکٹ کلکٹرس اور میونسپل کمشنرس کو میمورنڈم دیا گیا۔ جس میں مطالبہ کیا گیا کہ تعلیمی سروے پلان کو مؤثر اور نتیجہ خیز بنایا جائے نیز اسے زمینی سطح پر نافذ کیا جائے۔ یادرہے کہ مہاراشٹر سرکار نے ۴؍جولائی ۲۰۱۵ ؁ء کو اپنی حالیہ قرارداد میں کہا تھا کہ وہ ان بچوں کو تعلیم دلائے گی جو اسکول نہیں جارہے ہیں ، یا جو اسکول سے باہر ہیں، تقریبا ۵؍لاکھ بچے جن کی عمر ۶؍سے ۱۴؍سال کے درمیان ہے وہ اسکول نہیں جارہے ہیں لیکن حکومت کے پاس اس کا کوئی ریکارڈ نہیں ہے۔ برادر اطہر حسین (ناظم ضلع امراؤتی) نے مطالبہ کیا کہ سروے ہفتے میں کم ازکم تین دن سرکاری محکمہ کی جانب سے ہون چاہیے تاکہ اس پلان کا حق ادا کیا جاسکے۔ اس کار خیر میں حکومت کو دوسری این جی اوز کے ساتھ بھی تعاون کی صورت نکالنی چاہئے۔ ڈاکٹر عدنان الحق (پی آر ، میڈیا سکریٹری مہاراشٹر نارتھ زون) نے کہا کہ رائے عامہ ہموار کرنے اور تعلیم کے تئیں بیداری پیدا کرنے کے لیے حکومت کو میڈیا، سوشل میڈیا، ریلی، پبلک میٹنگ وغیرہ کا بھرپور استعمال کرنا چاہئے تاکہ اس پلان کو نتیجہ خیز اور مؤثر بنایا جاسکے۔ ایس آئی او نے امراؤتی ڈسٹرکٹ کلکٹر، میونسپل کمشنر، ناگپور ڈسٹرکٹ کلکٹر ، میونسپل کمشنر، اور اکولہ ڈسٹرکٹ کلکٹر کو میمورنڈم پیش کیے۔

ایس آئی آف انڈیا کا ویاپم گھپلے کی اعلی سطحی عدالتی جانچ کا مطالبہ

ویاپم گھوٹالہ سامنے آنے پر ایس آئی او آف انڈیا نے اعلی سطحی جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔ ایس آئی او کا مطالبہ ہے کہ وزیراعلی مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان استعفیٰ دیں، چونکہ عدالت عظمی یعنی سپریم کورٹ ان کے کیس کو سی بی آئی کو سونپ چکی ہے۔
جناب توصیف احمد صاحب سکریٹری ایس آئی او آف انڈیا نے کہا چونکہ ویاپم گھپلہ دوبارہ سر اٹھا چکا ہے، ۱۰۰؍میڈیکل طلبہ ایس ٹی ایف کے ذریعہ حراست میں لیے جاچکے ہیں، تقریباََ ایک سو چالیس ایف آئی آر درج کی جاچکی ہیں، چھالیس افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں، ایس آئی ٹی جو اس معاملہ کی جانچ کررہی تھی اس نے یہ رپورٹ عدالت عالیہ یعنی ہائی کورٹ کو سونپی ہے کہ تقریبا تیئس افراد جو کہ اس گھوٹالے میں ملوث تھے، غیرفطری طور سے موت کے منھ میں جاچکے ہیں۔ پہلی ایف آئی آر ۲۰۰۰ ؁ء کو چھتر پور میں درج کی گئی تھی، اس کے بعد ۲۰۰۴ ؁ء میں کھنڈوا میں کئی معاملات درج کیے گئے، ۲۰۰۹ ؁ء میں ایس ٹی ایف کا قیام عمل میں آیا تاکہ اس معاملہ کی جانچ کی جاسکے۔ ۲۰۱۱ ؁ء میں ۱۰۰؍افراد حراست میں لیے گئے۔
انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ سپریم کورٹ کے جج کے ذریعہ اس معاملے کی ایک متعین مدت کے اندر جانچ کرائی جائے، نیز انہوں نے وزیراعلی کے استعفیٰ کا بھی مطالبہ کیا۔ ایس آئی او آف انڈیا ویاپم گھوٹالہ میں ہوئی اموات کی علیحدہ تفتیش کا بھی مطالبہ کرتی ہے۔
مرکز ایس آئی او آف انڈیا کی جانب سے انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر میں افطار پارٹی کا اہتمام
مرکز ایس آئی او آف انڈیا کی جانب سے ہر سال کی طرح امسال بھی متعدد افطار پارٹیوں کا اہتمام کیا گیا، جس میں مختلف طلبہ تنظیموں، مذہبی رہنماؤں اور تحریکی ذمہ داروں کے ساتھ افطار پارٹیاں قابل ذکر ہیں۔ اس سلسلے میں ایک افطار پارٹی ایس آئی او ہیڈکوارٹر میں ہوئی جس میں مرکز جماعت اسلامی ہند کے جملہ ذمہ داران کو مدعو کیا گیا، اس موقع پر ایس آئی او آف انڈیا کی سرگرمیاں موضوع گفتگو رہیں۔ اس کے علاوہ ایک اہم اور شاندار افطار پارٹی کا انعقاد انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر، نئی دہلی میں ہوا، جس میں ملک کے مختلف مذاہب کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس افطار پارٹی میں انجینئر سلیم صاحب صاحب قیم جماعت اسلامی ہند نے بھی شرکت فرمائی۔ اس موقع پر مختلف اسٹوڈنٹس لیڈرس بھی موجود تھے

تبصرہ کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

Verified by MonsterInsights